عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// ایمپلائز پراویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن (ای پی ایف او)مالی سال 2025-26کیلئے 8.25فیصد کی شرح سے سود منتقل کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ تاریخ میں پہلی بار اس پورے عمل کو ایک نئے سنٹرلائزڈ آئی ٹی سسٹم کے ذریعے آٹو پروسیس کیا جا رہا ہے۔محکمہ کسی بھی اکانٹ میں غلط کریڈٹس کو روکنے کے لیے سخت فیلڈ ویریفکیشن کر رہا ہے۔ ایک بار تصدیق مکمل ہونے کے بعد، 15 جولائی سال 2026 تک ملک بھر میں تقریبا 34 کروڑ ای پی ایف اکانٹس میں 1.44 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کی رقم جمع ہو جائے گی۔اس بڑے سافٹ ویئر اپ گریڈ کی وجہ سے، کلیم سیٹلمنٹ میں فی الحال کچھ اضافی وقت لگ رہا ہے۔ سبسکرائبرز 15 جولائی کے بعد امنگ ایپ یا آفیشل ای پی ایف او پاس بک پورٹل پر اپنا اپ ڈیٹ بیلنس چیک کر سکیں گے۔ذرائع کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں ای پی ایف او کے دفاتر کے ذریعہ فیلڈ ویریفکیشن کیا جا رہا ہے۔ امکان ہے کہ تصدیق کا عمل ایک سے دو دن تک چلے گا۔ اس کے بعد 15 جولائی تک ہر کسی کے ای پی ایف اکانٹ میں سود جمع کر دیا جائے گا۔پرانے نظام کے تحت، تمام ای پی ایف کھاتے داروں کو سود وصول کرنے میں اکتوبر یا نومبر تک کا وقت لگ جاتا تھا، لیکن نئے نظام کے تحت اس عمل کو تیز کر دیا گیا ہے۔ فی الحال، اس سال کا سود جون کے اختتام کے بعد جولائی میں جمع کیا جا رہا ہے۔حال ہی میں، ای پی ایف او نے اعلان کیا کہ حکومت نے سال 2025-26 کے لیے پی ایف ڈپازٹس پر 8.25 فیصد سود دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ پی ایف اکانٹ پر سود کا حساب ماہانہ چلنے والے بیلنس کی بنیاد پر کیا جاتا ہے، اور کل سود کا حساب ہر مالی سال کے اختتام پر 31مارچ کو کیا جاتا ہے۔