بانہال//پچھلے قریب تیس برسوں سے پہاڑی ضلع رام بن میں سرکاری کوششوں کے باوجود راہ راست سے بھٹکے نظام تعلیم کو واپس پٹری پر لانے کی کوئی بھی کوشش کامیاب ثابت نہیں ہورہی ہے اور ضلع رام بن کے سرکاری سکولوں میں سکولی عمارتوں کی کمی کے ساتھ ساتھ لیکچراروں کی ایک سو چوالیس ، ماسٹروں کی 475 ، اور جرنل لائین ٹیچروں کی 140 سامیاں پچھلے کئی برسوںسے مسلسل خالی پڑی ہیں جبکہ ضلع کے اکیس ہائیر سکینڈری سکولوں میں صرف چھ پرنسپل تعینات ہیں اور پندرہ سامیاں خالی پڑی ہیں ۔ اس کے علاوہ ہیڈ ماسٹروں کی 59 اسامیوں کے مقابلے میں صرف 34ہیڈماسٹر ہی ضلع رام بن میں تعینات ہیں ۔ اس صورتحال کی وجہ سے بچے ، اساتذہ اور والدین جہاں پریشان ہیں وہیں لاک ڈاون کے بعد سکول کھولنے کی صورت میں اساتذہ اور بچوں کیلئے محکمہ تعلیم اور پڑھائی سے متعلقہ مسائیل جوں کے توں سامنے ہوں گے ۔ زونل ایجوکیشن آفیسر بانہال کی سامی پچھلے دو سال سے مسلسل خالی ہے جس کی وجہ سے تعلیمی زون بانہال کے سینکڑوں ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ سٹاف جون کی تنخواہ سے محروم ہیں اور اساتذہ بچوں اور سکولوں کے روزمرہ کے کام دھرے کے دھرے رہ جاتے ہیں اور زونل ایجوکیشن افیسر کی خالی اسامی کی وجہ سے تمام نظام متاثر ہے ۔ بانہال میں کام کرنے والے اساتذہ کی کئی انجمنوں کے ذمہ داروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ عیدالاضحی کی تنخواہ کیلئے ساتذہ کی طرف سے ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں تک پہنچائی گئی فریاد کے باوجود محکمہ تعلیم نے اب تک یہاں کسی بھی افسر کو ڈی ڈی او کی اتھارٹی نہیں دی ہے اور بانہال زون میں عارضی طور تنخواہ نکالنے کیلئے زیڈ ای اواکڑال کی فائیل پچھلے کئی روز سے منظوری کیلئے سیکریٹریٹ میں پڑی ہوئی ہے ۔ جموں و کشمیر رہبر تعلیم ٹیچرس فورم کے چیف میڈیا انچارج مظفر احمد وانی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ زونل ایجوکیشن آفیسر بانہال کی اسامی پچھلے دو سال سے خالی پڑی ہے اور پرنسپل ہائر سیکنڈری سکول بانہال کی تبدیلی کے بعد یہاں تنخواہ واگذار کرنے کیلئے کوئی افسر مجاز نہیں بنایا گیا ہے جس کی وجہ سے ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ سٹاف کے ہزاروں ملازمین عید پر بھی تنخواہوں سے محروم ہیں اور ساتذہ ، بچوں اور سکولوں کے روزمرہ کے ضروری کام کاج بری طرح سے متاثر ہیں۔انہوں نے کہا کہ پچھلے دنوں صوبہ جمون کے مختلف زونوں میں زونل افسروں اور ڈی دی اوز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی لیکن بانہال زون ابھی تک زونل افسر سے محروم ہے جبکہ علاقے میں کئی سینئر لیکچراروں یا ماسٹروں کو زونل افسر یا ڈی ڈی او کے طور تعینات کیا جاسکتا تھا تاکہ اساتذہ کو راحت ملتی ۔ اس سلسلے میں بات کرنے پر چیف ایجوکیشن افسر رام بن ونود کول نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ضلع رام بن میں محکمہ تعلیم کو درپیش تمام مسائیل اعلیٰ حکام کی نوٹس میں ہیں اور امید ہے کہ جلد ہی اساتذہ کے ساتھ ساتھ دیگر اسامیوں کو پر کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بانہال میں تعینات کئے گئے ضلع ادہم پور سے تعلق رکھنے والے زونل افسر کی کووڈ کی وجہ سے موت واقع ہوگئی تھی اور ان کی جگہ پرنئے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چند روز پہلے بانہال زون کے ڈی ڈی او پاور دینے کیلئے ZEOاکڑال کا نام منظوری کیلئے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام کو بھیجا گیا ہے لیکن ابھی تک اس بارے میں کوئی کاروائی نہیں ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم فی الحال ضلع رام بن میں دس پرنسپلوں کو آئندہ چند روز میں تعینات کر رہا ہے اور نئی تعلیمی پالیسی کے مطابق سرکاری سکولوں میں تدریسی عملے کی تعیناتی عمل میں لائے جانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں کہ ضلع رام بن میں اساتذہ کی خالی سامیاں جلد از جلد پر کی جائیں اور اس ضمن میں انہوں نے اپنی تمام آرا ءاور مانگیں اعلی حکام کو کئی بار بھیجی ہوئی ہیں۔