جموں//راجیہ سبھا ممبر اور پنجاب کانگریس کے سابق سربراہ پرتاپ سنگھ باجواہ نے اتوار کو نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت پر ملک کی سلامتی کے ساتھ سمجھوتہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ مالی فوائد کے لئے حکمران اتحاد ملکی مفادات کا سودا کر رہا ہے ۔ باجواہ اتوار کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے جو رافیل سودا میں بی جے پی حکومت کی طرف سے مبینہ طور پر کی گئی دھاندلیوں کےخلاف مہم شروع کرنے سے قبل یہاںمنعقد کی گئی تھی۔کیگ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو اس وقت پاکستان اور چین جیسے پڑوسی ممالک کی جارحیت کا سامنا ہے اور اس وقت ملک کو جنگ کا سامنا کرنا پڑے تو 90فیصد گولہ بارود دس روز تک بھی نہیں چلے گا۔ ڈیفنس کمیٹی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کانگریس لیڈر نے بتایا کہ ملک کو 42سکویڈرن کی ضرورت ہے جب کہ صرف 32ہی دستیاب ہیں۔ اسی طرح جوان افسر کا تناسب بھی تشویشناک حد تک کم ہے ۔ رافیل سودا کو 1947کے بعد سب سے بڑا گھوٹالہ قرار دیتے ہوئے باجواہ نے کہا کہ مرکزی سرکار ملک کی سلامتی کو یقینی بنانے کے بجائے منظور نظر صنعتکاروں پر ٹیکس دہندگان کا پیسہ لٹا رہی ہے اور دعویٰ کیا کہ جس جہاز کو کانگریس 526کروڑ میں حاصل کر رہی تھی اسی کے لئے موجودہ بی جے پی سرکار 1670کروڑ روپے ادا کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے قیمتوں میں اس قدر اضافہ کی وجہ جاننا چاہی لیکن مرکزی سرکار جواب دینے کے لئے تیار نہیں ہے ۔