عشرت حسین بٹ
پونچھ //راجوری اور پونچھ اضلاع میں انسان اور جنگلی جانوروں کے درمیان بڑھتے تصادم اور حالیہ دنوں میں ریچھ، تیندوے اور دیگر جنگلی جانوروں کے حملوں کے واقعات میں اضافے کے پیش نظر محکمہ وائلڈ لائف پروٹیکشن، ڈویژن راجوری-پونچھ نے عوامی مفاد میں ایک اہم ایڈوائزری جاری کی ہے۔ محکمہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ انسانی جانوں کے ساتھ ساتھ جنگلی حیات کا بھی تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔محکمہ کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ حالیہ عرصے میں خاص طور پر ریچھ، تیندوے، جنگلی سور اور دیگر جنگلی جانور انسانی آبادی کے قریب دیکھے جا رہے ہیں، جس کے باعث انسان اور جنگلی حیات کے درمیان تصادم کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ ایسے میں عوام کو غیر ضروری خطرات سے بچنے کے لیے احتیاطی اقدامات اختیار کرنا نہایت ضروری ہے۔ایڈوائزری کے مطابق جنگلات یا جنگلات سے ملحقہ علاقوں میں خصوصاً صبح سویرے اور شام کے وقت انتہائی محتاط رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ انہی اوقات میں جنگلی جانور زیادہ متحرک ہوتے ہیں۔ کھیتوں، باغات یا چراگاہوں میں جاتے وقت اکیلے جانے کے بجائے گروپ کی صورت میں سفر کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔محکمہ نے والدین کو ہدایت دی ہے کہ جنگلات کے قریب رہنے والے علاقوں میں صبح اور شام کے وقت بچوں کو گھر کے اندر رکھیں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
اسی طرح مویشی پالنے والوں سے کہا گیا ہے کہ وہ رات کے وقت اپنے جانور محفوظ باڑوں یا مضبوط باڑوں کے اندر رکھیں۔ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ گھروں اور کھیتوں کے اطراف صفائی کا خاص خیال رکھا جائے، کچرے اور خوراک کے فضلے کو کھلے میں نہ پھینکا جائے کیونکہ اس سے جنگلی جانور آبادی کی جانب راغب ہوتے ہیں۔ کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ جنگلی سور اور بندروں کو فصلوں سے دور رکھنے کے لیے تربیت یافتہ کتوں، روشنی، باڑ، شور پیدا کرنے والے آلات جیسے ٹین کے ڈبے یا دیگر روایتی ذرائع استعمال کریں۔ گھر سے باہر نکلتے وقت لاٹھی یا مضبوط ڈنڈا ساتھ رکھنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔محکمہ وائلڈ لائف نے عوام کو سختی سے متنبہ کیا ہے کہ کسی بھی جنگلی جانور کا تعاقب نہ کریں، اسے پتھر نہ ماریں اور نہ ہی اشتعال دلانے کی کوشش کریں۔ جنگلات یا سنسان مقامات پر تنہا جانے سے گریز کریں، گھروں اور کھیتوں کے قریب کچرا جمع نہ ہونے دیں اور کسی بھی جنگلی جانور کو پکڑنے یا نقصان پہنچانے کی کوشش ہرگز نہ کریں۔ اسی طرح گھروں کے قریب جھاڑیوں اور گھنی پودوں کی بروقت صفائی کرنے کی بھی تلقین کی گئی ہے تاکہ جنگلی جانوروں کو چھپنے کی جگہ نہ مل سکے۔محکمہ نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی علاقے میں ریچھ، تیندوا یا کوئی دوسرا جنگلی جانور نظر آئے یا حملے کا خدشہ ہو تو عوام فوری طور پر محکمہ وائلڈ لائف کے عملے سے رابطہ کریں۔ اس مقصد کے لیے ہنگامی رابطہ نمبرز 7006125838، 6005314759، 6005046186، 7298454941، 7298176876 اور 9622344958 جاری کیے گئے ہیں۔محکمہ وائلڈ لائف نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتیاط، بروقت اطلاع اور ذمہ دارانہ رویہ ہی انسانی جانوں اور جنگلی حیات دونوں کے تحفظ کو یقینی بنا سکتا ہے۔ حالیہ دنوں میں راجوری اور پونچھ کے مختلف علاقوں میں ریچھ کے حملوں کے پیش نظر اس ایڈوائزری کو عوامی تحفظ کے لیے نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔