محمد بشارت
راجوری //ضلع راجوری کے انتہائی دور افتادہ قبائلی علاقے کیسری ہِل ڈھوک نے ترقی کی راہ میں ایک اہم اور تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ بْدھل اسمبلی حلقہ کے ایم ایل اے جاوید اقبال چوہدری نے یہاں بجلی کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کیا جو 65 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہوا ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل کے بعد کیسری ہِل علاقہ کا پہلا ایسا ڈھوک بن گیا ہے جہاں بجلی کی سہولت فراہم کی گئی ہے، جسے قبائلی فلاح و بہبود کی سمت ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ایم ایل اے جاوید اقبال چوہدری نے کہا کہ بجلی کی فراہمی صرف روشنی تک محدود نہیں بلکہ یہ تعلیم، صحت، مواصلات اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برسوں سے محرومی کا شکار قبائلی آبادی کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے تاکہ انہیں بھی ترقی کے دھارے میں شامل کیا جا سکے۔ایم ایل اے نے یاد دلایا کہ گزشتہ سال کیسری ہِل میں 4.50 کروڑ روپے کی لاگت سے قبائلی ٹرانزٹ رہائشی سہولت قائم کی گئی تھی، جس سے موسمی طور پر نقل مکانی کرنے والی قبائلی برادری کو رہائش، تحفظ اور دیگر بنیادی سہولیات میسر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ اب پہلی بار یہاں کے قبائلی خانہ بدوش خاندان مختلف سرکاری فلاحی اسکیموں سے حقیقی معنوں میں مستفید ہو رہے ہیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ موجودہ مالی سال کے دوران کیسری ہِل تک سڑک کی تعمیر کا کام شروع کیا جائے گا، جس سے علاقے کی زمینی رابطہ کاری مضبوط ہوگی اور عام لوگوں کو آمد و رفت میں سہولت ملے گی۔ ایم ایل اے نے اس موقع پر کیسری ہِل کو مستقبل میں ایک اہم سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دینے کے منصوبوں کا بھی ذکر کیا۔جاوید اقبال چوہدری نے بتایا کہ بْدھل اسمبلی حلقہ میں موجود قدرتی حسن سے مالا مال مقامات جیسے کیسری ہِل، سماتر، گھمبیری ڈھوک، دسوئی چاونی اور پھلواڑی کو سیاحتی نقشے پر لایا جائے گا۔ ان اقدامات سے نہ صرف علاقے کی شناخت بڑھے گی بلکہ مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔انہوں نے تمام متعلقہ اداروں اور عوام سے اپیل کی کہ وہ پسماندہ طبقات کی فلاح کے لیے اجتماعی طور پر کام کریں اور ساتھ ہی جنگلات کے تحفظ، مقامی نباتات و حیوانات کے بچاؤ اور ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے پر خصوصی توجہ دیں۔ایم ایل اے نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری، ایگزیکٹو انجینئر پی ڈی ڈی، اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر یدھویر شرما اور جونیئر انجینئر وقار کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی ذاتی دلچسپی اور انتھک محنت کے باعث یہ منصوبہ کامیابی سے پایہ? تکمیل تک پہنچا۔