سمت بھارگو
راجوری//حالیہ تباہ کن سیلاب سے ضلع راجوری اور پونچھ میں شدید نقصان اٹھانے والے بجلی کے ترسیلی نظام کی مستقل بحالی کے لئے محکمہ بجلی نے بڑے پیمانے پر مرمتی کاموں کا آغاز کر دیا ہے۔ عارضی انتظامات کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی بحال کرنے کے بعد محکمہ اب مرحلہ وار مستقل بنیادوں پر ٹرانسمیشن لائنوں اور فیڈروں کی مرمت اور بحالی کا کام انجام دے رہا ہے تاکہ آئندہ قدرتی آفات کے دوران بجلی کے نظام کو مزید مضبوط اور قابل اعتماد بنایا جا سکے۔واضح رہے کہ 19 جولائی کو راجوری اور پونچھ اضلاع میں آنے والے شدید سیلاب اور موسلادھار بارشوں کے باعث متعدد اہم ٹرانسمیشن لائنیں، بجلی کے فیڈر اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو بھاری نقصان پہنچا تھا۔ اس کے نتیجے میں سینکڑوں دیہات میں بجلی کی فراہمی مکمل طور پر منقطع ہوگئی تھی، جس سے ہزاروں صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔محکمہ بجلی نے ہنگامی بنیادوں پر متبادل انتظامات کے ذریعے بیشتر متاثرہ علاقوں میں بجلی کی سپلائی بحال کر دی تھی، تاہم مستقل بحالی کے منصوبے کے تحت پیر کے روز محکمہ کے پاور ٹرانسمیشن ونگ نے ضلع راجوری کے اہم 33 کے وی کلار۔ڈونگی اگراتی ٹرانسمیشن فیڈر کی مستقل مرمت کا کام شروع کر دیا۔یہ اہم فیڈر کالاکوٹ ریسیونگ اسٹیشن کو کیری ریسیونگ اسٹیشن سے جوڑتا ہے اور 19 جولائی کو آنے والے سیلاب کے دوران دریا کے تیز بہاؤ نے اس کے کئی حصوں کو شدید نقصان پہنچایا تھا۔ محکمہ نے 21 جولائی کو متبادل راستے سے بجلی کی سپلائی بحال کر دی تھی، تاہم اب اصل ٹرانسمیشن لائن کو مکمل طور پر بحال کیا جا رہا ہے۔
ایگزیکٹو انجینئر پاور ٹرانسمیشن ڈویژن منیر حسین نے بتایا کہ مستقل بحالی کے لیے خصوصی ٹیمیں اور اضافی افرادی قوت تعینات کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی دشوار حالات کے باوجود اہلکاروں نے پورے دن کام جاری رکھا اور مرمتی عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ کو حائل نہیں ہونے دیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ دریا میں پانی کی سطح بلند ہونے اور تیز بہاؤ کے باوجود فیلڈ عملے نے غیر معمولی محنت کا مظاہرہ کرتے ہوئے متاثرہ حصے پر نئی ٹرانسمیشن لائن بچھائی، جس کے بعد بجلی کی سپلائی دوبارہ مرکزی فیڈر پر منتقل کر دی گئی۔ ان کے مطابق اس کام کی تکمیل سے علاقے میں بجلی کے نظام کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔منیر حسین نے کہا کہ جہاں جہاں سیلاب سے ٹرانسمیشن لائنوں اور فیڈروں کو نقصان پہنچا ہے وہاں مرحلہ وار مستقل بحالی کا کام بھی جلد شروع کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں بجلی کی فراہمی مزید قابل اعتماد اور بلا تعطل بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کا مقصد صرف متاثرہ ڈھانچے کی مرمت ہی نہیں بلکہ پورے ترسیلی نظام کو زیادہ مضبوط اور محفوظ بنانا بھی ہے۔اس مرمتی مہم میں مقامی رضاکاروں نے بھی محکمہ بجلی کے اہلکاروں کا بھرپور ساتھ دیا۔ علاقے کے سماجی کارکن انیس کسانہ کی قیادت میں رضاکاروں کی ایک ٹیم نے دریا کے کنارے جاری مشکل کام میں محکمہ کے ملازمین کی عملی مدد کی، جس سے بحالی کے عمل کو تیزی سے مکمل کرنے میں سہولت ملی۔انیس کسانہ نے محکمہ بجلی کے انجینئروں اور فیلڈ عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انتہائی مشکل حالات، تیز بہتے پانی اور خطرناک ماحول میں کام کرنے والے اہلکار واقعی داد و تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کے ملازمین نے اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر بجلی کی بحالی کے لیے دن بھر محنت کی، جس کے باعث عوام کو جلد از جلد ریلیف فراہم کرنا ممکن ہو سکا۔مقامی لوگوں نے بھی محکمہ بجلی اور رضاکاروں کی مشترکہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دیگر متاثرہ علاقوں میں بھی مستقل بحالی کا عمل جلد مکمل ہوگا، جس سے راجوری اور پونچھ کے عوام کو مستحکم اور مسلسل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے گی۔