عظمیٰ نیوز سروس
بانہال// سینئر نیشنل کانفرنس لیڈر اور ممبر اسمبلی بانہال سجاد شاہین کی طرف سے بانہال۔گول حلقہ انتخاب میں ترقیاتی کاموں اور منصوبوں کے جاری سلسلے کے تحت بانہال کے تانترے پورہ میں پنچایت گھر کا سنگِ بنیاد رکھا گیا ۔ پنچایت گھر تانترے پورہ کی یہ عمارت تقریباً 35 لاکھ روپے کی لاگت سے محکمہ دیہی ترقی کی طرف سے تعمیر کی جائے گی۔ اس عمارت ل عوامی انتظامیہ، شکایات کے ازالے اور پنچایت سطح کے امور کے لیے ایک مرکزی ادارے کے طور پر خدمات انجام دے گی۔اس کے علاوہ، محکمہ جل شکتی کے تحت دو اہم آبپاشی نہروں کے منصوبوں کا بھی آغاز کیا گیا جن پر مجموعی طور پر 35لاکھ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ ان منصوبوں سے مختلف دیہات کی تقریباً 20 ہزار کنال زرعی زمین کو فائدہ پہنچے گا اور کسانوں کو پانی کی بہتر اور مستقل سہولت میسر آئے گی، جس سے زرعی پیداوار میں اضافہ متوقع ہے۔وہاں موجود عوامی اجتماع سے سے خطاب کرتے ہوئے سجاد شاہین نے کہا کہ دیہی علاقوں کی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور سڑکوں، پینے کے پانی، تعلیم، صحت، بجلی اور دیہی ڈھانچے کی بہتری کے لیے مزید منصوبے بھی جلد شروع کیے جائیں گے۔اس موقع پر بی ڈی او بانہال، ایگزیکٹو انجینئر آر اینڈ بی، پارٹی کے سینئر کارکنان اور بڑی تعداد میں مقامی لوگ موجود تھے، جنہوں نے ایم ایل اے کے اقدامات کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔