فیاض بخاری
بارہمولہ//شمالی قصبہ بارہمولہ میں دیوان باغ کے مکینوں نے کہا ہے کہ علاقے میں حال ہی میں تعمیر کی گئی نکاسی آب کی سکیم مکمل طور پر ناکارہ ہے، جس کے باعث مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی باشندوں کے مطابق دیوان باغ میں بارش کے پانی کو مناسب طریقے سے دریا تک پہنچانے اور رہائشی علاقوں کو زیرِ آب آنے سے بچانے کے لیے لاکھوں روپے کی لاگت سے ایک نالہ تعمیر کیا گیا تھا۔ تاہم چند روز قبل اس نالے کو دوبارہ کھودا گیا اور اس کے بعد کام ادھورا چھوڑا گیا ۔مکینوں کا کہنا ہے کہ نالے کی کھدائی کے بعد اسے بحال نہ کیے جانے کے باعث بارش کے دوران پانی کی نکاسی متاثر ہو رہی ہے، جس سے گلیوں اور رہائشی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمہ عوامی سہولت کیلئے شروع کیے گئے منصوبے کو مکمل کرنے میں ناکام رہا ہے۔مقامی لوگوں نے مزید کہا کہ ادھوری تعمیراتی سرگرمیوں کی وجہ سے آمد و رفت میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں اور اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو آنے والی بارشوں میں صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔عوام نے ڈپٹی کمشنر بارہمولہ سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے اور نکاسی آب کے منصوبے کو جلد از جلد مکمل کر کے عوام کو درپیش مشکلات سے نجات دلائی جائے۔