راجوری //دیرہ گلی جنگلا ت میں سیکورٹی فورسز و ملی ٹینٹوں کے مابین شروع جھڑپ دوسرے روز بھی جاری رہی جبکہ سیکورٹی فورسز نے مزید ملحقہ علاقوں کا محاصرہ کرکے تلاشی مہم کو وسیع کر دیا ہے۔منگل کو بعد دوپہر طرفین کے مابین کچھ عرصہ کیلئے فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا ۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ راجوری اور پونچھ ضلع کے مزید دیہات کا محاصرہ کر کے تلاشی مہم شروع کر دی گئی ہے ۔غور طلب ہے کہ گزشتہ دنوں سے سیکورٹی فورسز کو دیرہ گلی و ملحقہ گھنے جنگلات میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کے سلسلہ میں اطلاع فراہم کی گئی تھی جس کے بعد دونوں جانب سے بڑی پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کر دیا گیا تھا لیکن اس دوران ابتدائی طورپر ہوئی فائرنگ میں ایک فوجی آفیسر سمیت پانچ اہلکا ر ہلاک ہو گئے تھے ۔سرکاری ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب شروع کر دہ تلاشی مہم منگل کو بھی جاری رہی ۔انہوں نے بتایا کہ اپر بھنگائی علاقہ میں منگل بعد دوپہر طرفین کے درمیان کچھ وقت کیلئے فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا جبکہ سیکورٹی فورسز نے مزید علاقہ کا محاصرہ بھی کرلیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گاڑیوں کی اچانک چیکنگ ودیگر احتیاطی اقدامات کیلئے لائحہ عمل بھی تیار کرلیا گیا ہے ۔