نئی دہلی// مرکزی حکومت نے دہلی کی کیجریوال حکومت کی ’گھر گھر راشن‘ اسکیم پر پابندی عائد کر دی ہے۔ کیجریوال حکومت کا اس اسکیم کے ذریعے دہلی کے 72 لاکھ لوگوں کے گھروں تک راشن پہنچانے کا ارادہ تھا اور اسکیم کو اس ہفتہ میں لاگو کیا جانا تھا۔دہلی حکومت کے ذرائع کے مطابق، مرکزی حکومت نے کہا ہے کہ اس منصوبہ کے لئے مرکزی حکومت سے منظوری حاصل نہیں کی گئی ہے، اس لئے اس پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ خیال رہے کہ راشن منصوبے کے نام پر مرکز اور دہلی حکومت کے درمیان کئی مرتبہ تو تو میں میں ہو چکی ہے۔ مرکزی حکومت نے اس بات پر اعتراض ظاہر کیا تھا کہ یہ مرکزی حکومت کی اسکیم نیشنل فوڈ سکورٹی ایکٹ کے تحت آتی ہے، جس میں کوئی تبدیلی صرف اور صرف پارلیمنٹ کر سکتی ہے نا کہ ریاستی حکومت۔ اس لئے دہلی حکومت اس منصوبہ کا نا تو نام تبدیل کر سکتی ہیاور نا ہی اس کو کسی اور منصوبہ کے ساتھ منسلک کر سکتی ہے۔