انقرہ//مصرکی مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف ملک گیر بالخصوص شورش زدہ علاقے جزیرہ نما سیناء کے شمال مشرق میں فیصلہ کن آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔ مصری فوج کے ترجمان کی طر سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج کی اعلیٰ کمان کی طرف سے جزیرہ سیناء میں جنگجوئوںکے خلاف وسیع تر آپریشن’ سیناء 2018ء ‘ کا آغاز کردیا گیا ہے۔جمعہ کے روز سے مصری فوج نے شمالی اور وسطی جزیرہ نما سیناء میں جنگجو عناصر اور جرائم پیشہ گروپوں کے خلاف حتمی اور فیصلہ کن کارروائی شروع کی ہے۔ آپریشن میں شمالی اور وسطی جزیرہ نما سیناء مصر ڈیلٹا، صحرائی پٹی اور مغربی وادی نیل میں بڑے پیمانے پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں شروع کی گئی ہیں۔مصری فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تازہ آپریشن صدر جمہوریہ کی جانب سے مسلح افواج کو دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے حوالے سے سونپی گئی ذمہ داری پر عمل درآمد کا حصہ ہے۔ صدر کی طرف سے ملک کو دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرنے اور تمام ریاستی اداروں کی معاونت سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے احکامات جاری کیے تھے۔ترجمان نے مصری عوام سے پرزور اپیل کی ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن میں فوج کے ساتھ تعاون کیا جائے۔ دہشت گردی کے خاتمے، ملک میں قانون کی عمل داری، امن استحکام اور انتہا پسندی کے خاتمے میں فوج کے ساتھ تعاون کیا جائے۔ دہشت گرد عناصر کی موجودگی کے بارے میں سیکیورٹی اداروں کو فوری طورپر آگاہ کریں۔