نیوز ڈیسک
جموں// عام آدمی پارٹی نے سابق ممبراسمبلی ادھم پور بلونت سنگھ منکوٹیا کو دوسری سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساز باز کے الزام میں پارٹی سے نکال دیا ہے۔عام آدمی پارٹی نے اپنے ایک مکتوب میں کہا ہے کہ بلونت سنگھ منکوٹیا کی بنیادی رکنیت پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں منسوخ کی جاتی ہے۔مکتوب میں منکوٹیا پر الزام ہے کہ وہ دوسری قومی اور جموں و کشمیر کی علاقائی جماعتوں کے ساتھ مصروف ہے جبکہ عآپ کی سیاسی سرگرمیوں میں شرکت نہیں کر رہا ہے اور نہ ہی گذشتہ تین ماہ سے پارٹی کی طرف سے دیا گیا کوئی کام ا نجام دے رہا ہے۔ منکوٹیا پر پارٹی کو بدنام کرنے اور پارٹی کے رضاکاروں کو دوسری جماعتوں میں شرکت کرنے کے لئے راضی کرنے کا بھی الزام ہے۔ایک بیان میں عام آدمی پارٹی کے ترجمان اعلیٰ جگدیپ سنگھ نے کہا کہ عام آدمی پارٹی میں اخلاقیات کے تئیں واضح پالیسی ہے اور پارٹی مخالف سرگرمیوں کو ْبرداشت نہیں کیا جا سکتا۔
جگدیپ سنگھ نے کہا “یہ معلوم کیا جا رہا تھا کہ بلونت سنگھ منکوٹیا کچھ عرصے سے پارٹی مخالف سرگرمیوں ملوث تھے اور بی جے پی میں شامل ہونے اور عام آدمی پارٹی کے خلاف جانے کے لئے کچھ عام آدمی پارٹی رہنماؤں کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہے تھے”۔انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی مخالف سرگرمیوں کو قریب سے دیکھنے کے بعدعام آدمی پارٹی نے آخر کار بلونت منکوٹیا کو پارٹی کی بنیادی رکنیت سے نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔سنگھ نے کہا “عام آدمی پارٹی ہر گزرتے دن کے ساتھ جموں و کشمیر میں عوامی حمایت حاصل کر رہی ہے اور اپنے کیڈر اور یونٹوں کو بھی بڑھا رہی ہے اور عام آدمی پارٹی کی بڑھتی ہوی عوامی حمایت کو روکنے کے لئے، بی جے پی عام آدمی پارٹی کو کمزور کرنے کی کارروائیوں کا سہارا لے رہی ہے جن کو سیاست میں غیر اخلاقی سمجھا جاتا ہے”۔دریں اثنا موصوف سابق ایم ایل اے نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ میری بات تمام سیاسی جماعتوں کے لیڈروں کے ساتھ ہوتی ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ میں ان کی پارٹی میں شامل ہوگیا ہوں۔انہوں نے کہا’ ’میری بات بی جے پی سے بھی ہوتی ہے، غلام نبی آزاد صاحب کے ساتھ بھی ہوتی ہے، ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے ساتھ بھی ہوتی ہے، لال سنگھ جی کے ساتھ بھی ہوتی ہے، انکور شرما کے ساتھ بھی ہوتی ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ میں ان کی پارٹی میں شامل ہوا ہوں‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ میں فی الحال کسی پارٹی کے ساتھ نہیں ہوں۔قابل ذکر ہے کہ منکوٹیا نے سال رواں کے ماہ اپریل میں ہی عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔