سڈنی/فارم میں چل رہے عثمان خواجہ نے اپنی واپسی کوصحیح ثابت کرتے ہوئے چوتھے ایشز ٹیسٹ کی دوسری اننگ میں شاندار سنچری (ناٹ آؤٹ 101) بنائی جس کی بدولت آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف یہاں جاری میچ کے چوتھے دن ہفتہ کو اپنی دوسری اننگ چھ وکٹوں کے نقصان پر 265 رنز بنا کر مہمان ٹیم کے سامنے 388 رنز کا مشکل ہدف رکھا جس کے تعاقب میں انگلینڈ نے اسٹمپ تک بغیر کوئی وکٹ کھوئے 30 رنز بنا لیے ۔ انگلینڈ کو سیریزکا اسکور 1-3 کرنے کے لئے 358 رنز درکار ہیں جبکہ آسٹریلیا کو سیریز میں اسکور 4-0 پہنچانے کے لئے تمام 10 وکٹ کی ضرورت ہے ۔ انگلینڈ نے صبح اپنی پہلی اننگ کو سات وکٹ پر 258 رن سے آگے بڑھایا۔ جونی بیرسٹو نے 103 اور جیک لیچ نے چار رن سے آگے گھیلنا شروع کیا۔ لیچ 29 گیندوں پر 10 رنز بنانے کے بعد آف اسپنر نیتھن لیون کا شکار بنے ۔ بیرسٹو اپنے اسکور میں صرف 10 رنز کا اضافہ کر سکے اور 158 گیندوں میں آٹھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 113 رنز بنا کر اسکاٹ بولینڈ کی گیند پر آوٹ ہوئے ۔اس کے بعد بولینڈ نے اسٹورٹ براڈ کو 15 رنز پر آؤٹ کرکے انگلینڈ کی اننگ کو 294 رنز پر سمیٹ دی۔ انگلینڈ نے اپنے اسکور میں 36 رنز کا اضافہ کیا اور اپنی باقی تین وکٹیں گنوا دیں۔ اس طرح آسٹریلیا کو پہلی اننگ میں 122 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے بولینڈ نے 36 رنز پرچار اور لیون نے 88 رن دے کردو وکٹیں لیں۔ پیٹ کمنز کو 68 رنز پر دووکٹ ملے جبکہ مچل اسٹارک اور کیمرون گرین کوایک ایک وکٹ ملا۔برتری کے ساتھ دوسری اننگ میں کھیلنے اترے آسٹریلیا کی شروعات خراب رہی اوراس نے 86 رنز پر اپنی چار وکٹیں گنوا دیں۔ پہلی اننگ میں 137 رنز بنانے والے خواجہ نے دوسری اننگ میں بھی محاذ سنبھالا اور گرین کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لئے 179 رنز کی شراکت داری کرکے آسٹریلیا کو مشکلات سے نکال کر مضبوط پوزیشن میں پہنچادیا۔ آسٹریلیا کی دوسری اننگ میں ڈیوڈ وارنر تین، مارکس ہیرس 27، مارناس لیبوشین 29 اور اسٹیون اسمتھ 23 رن بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ خواجہ نے اگست 2019 کے بعد اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلتے ہوئے اپنی 10ویں سنچری اسکور کی اور 138 گیندوں پر 10 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 101 رنز بنا کر ناقابل شکست لوٹے ۔ گرین نے 122 گیندوں میں سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 74 رنز بنائے ۔ الیکس کیری صفر پر آؤٹ ہوئے اور ان کے آؤٹ ہوتے ہی کمنز نے آسٹریلیا کی دوسری اننگ آٹھ وکٹ پر 265 رن پرڈکلیئر کردی۔انگلینڈ کی جانب سے لیچ نے 84 رن دے کر سب سے زیادہ چاروکٹ لئے جبکہ مارک ووڈ کو 65 رن پردووکٹ ملے ۔ انگلینڈ نے 388 رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اسٹمپس تک بغیر کوئی وکٹ کھوئے 30 رنز بنا لیے ہیں۔ جیک کرولی 32 گیندوں میں 22 اور حسیب حمید 34 گیندوں پر آٹھ رنز بنانے کے بعد کریز پر موجود ہیں۔(یواین آئی)