عظمیٰ نیوزسروس
جموں//نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ اور ایم ایل اے جڈی بل تنویر صادق نےکہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ مرکز جموں و کشمیر کو ریاستی درجہ بحال کرنے کے اپنے وعدے کو پورا کرے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے دورۂ جموں و کشمیر سے ایک روز قبل کہیں۔تنویر صادق نے کہا کہ وزیر داخلہ کا یہ دورہ جموں و کشمیر کے عوام کی گہری نظر میں ہے، جو طویل عرصے سے قومی سطح پر کیے گئے وعدوں کی تکمیل کے منتظر ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ دورہ خطے کے لیے بامعنی اور فائدہ مند ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا’’میں مرکزی وزیر داخلہ سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ جموں و کشمیر کے عوام سے بار بار کیے گئے ریاستی درجہ کی بحالی کے وعدے کو پورا کریں‘‘۔تنویر صادق نے واضح کیا کہ ریاستی درجہ محض ایک سیاسی مطالبہ نہیں بلکہ وقار اور جمہوری حقوق کا معاملہ ہے۔انہوںنے مزید کہا کہ عوام نے برسوں صبر و تحمل اور حوصلے کا مظاہرہ کیا ہے اور اب وہ محض یقین دہانیوں کے بجائے ٹھوس اقدامات کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی درجہ کی بحالی سے سیاسی بیگانگی کم ہوگی اور جمہوری ادارے مضبوط ہوں گے۔