عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // بڈگام کے بیروہ اور کولگام کے ویسو علاقے میں دو الگ الگ سڑک حادثات میں دو موٹر سائیکل سوا ر جاں بحق ہو گئے۔حیات پورہ بیروہ علاقے میں جمعہ کی صبح حادثہ مین لنک کے قریب پیش آیا جس دوران ایک جواں سالہ موٹر سائیکل سوار حارث مجید ساکنہ گونڈی پورہ، بیرواہ شدید طور پر زخمی ہو گیا۔ حادثے پیش آنے کے بعد مقامی لوگوں نے زخمی نوجوان کو علاج کیلئے سب ضلع اسپتال بیروہ پہنچایا۔تاہم، ایس ڈی ایچ بیروہ کے ڈاکٹروں نے اسے پہنچنے پر مردہ قرار دیا۔ ادھر کولگام ضلع میں ویسو کے مائیگرنٹ کالونی علاقے کے ایک المناک سڑک حادثہ میں ایک موٹر سائیکل سوار کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ موٹرسائیکل بے قابو ہو کر سڑک کے کنارے کھڑی بیریکیڈ سے جا ٹکرایا جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار نوجوان کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی۔
حادثے پیش آتے ہی مقامی لوگوں اور پولیس کے سنیئر عہدیدار وہاں پہنچ گئے جس دوران انہوں نے نعش کو طبی لوازمات کی ادائیگی کیلئے اسپتال پہنچایا۔ پولیس نے معاملے میں کیس درج کر کے تحقیقات شروع کردی ہے۔ ادھرضلع بانڈی میں نئے کورٹ کمپلیکس واٹہ پورہ کے قریب مسافر آٹو الٹنے سے پانچ افراد زخمی ہوگئے ۔حادثہ پیش آنے کے فوراً بعد مقامی لوگ اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور بچاؤ کارروائی کے دوران زخمیوں کو علاج کے لیے ضلع اسپتال بانڈی پورہ پہنچایا ۔ ادھرشوپیاں ضلع کے کیلر کے دائرہ اختیار میں آنے والے رادیکھل بیہک علاقے میں جمعہ کو اتفاقیہ طور پر درخت سے گرنے سے ایک 27 سالہ شخص کی موت ہو گئی۔ مرنے والے کی شناخت محمد طفیل کھٹانہ ولد پاپا کھٹانہ کے طور پر کی گئی ہے جو کہ راجوری ضلع کی تحصیل بخوری کے کنتھول علاقے کا رہنے والا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ شخص رادیکھل بیہک کے مقام پر درخت سے گرا جس کے نتیجے میں اس کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مزید کارروائی شروع کردی ہے۔