عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں و کشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن نے طلباء کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دسویں جماعت کے نتائج کا اعلان کرنے والے جعلی لنکس اور ویب سائٹس پر توجہ نہ دیں۔دیر شام جاری ایک بیان میں، جموں و کشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن نے کہا ہے کہ نئے چیئرمین کی تقرری کے فوراً بعد 10ویں کے نتائج کا اعلان چند دنوں میں کر دیا جائے گا۔بوڑد نے بیان میں کہا’’ وادی کشمیر اور جموں ڈویژن کے سرمائی زون کے علاقوں کے 10ویں جماعت کے سالانہ امتحان کے نتائج تقریباً تیار ہیں، پھر بھی جموں و کشمیر بورڈ آف سکول ایجوکیشن چیئرمین کی سربراہی میں رزلٹ ڈیکلریشن کمیٹی کے ذریعے اس کی منظوری اس کے اعلان سے پہلے ایک ضروری قدم ہے۔ چیئرمین کی غیر موجودگی میں نتائج میں قدرے تاخیر کا امکان ہے‘‘۔طلباء سے کہا گیا ہے کہ وہ باضابطہ اعلان کا انتظار کریں اور تازہ ترین معتبر اپ ڈیٹس کے لیے بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ www.jkbose.nic.in سے جڑے رہیں۔انہیں مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ کچھ شرارتی عناصر کی طرف سے پھیلائے جانے والے دھوکہ بازوں اور جعلی بیانیوں سے گمراہ ہونے سے بچیں، جن کا واحد مقصد معصوم طلبہ برادری میں انتشار پیدا کرنا ہے۔