جموں//محکمہ مال نے جموں و کشمیر میں دستاویزات کے لئے رجسٹریشن فیس کو نوٹیفائی کیاہے۔علیحدہ رجسٹریشن محکمہ کے قیام کے بعد لیفٹیننٹ گورنر جی سی مرمو کی ہدایت پر محکمہ مال نے مرکزی زیر انتظام جموں وکشمیر میں دستاویزات کے اندراج کے لئے فیس کو نوٹیفائی کردیا ہے۔جموں وکشمیر ہائی کورٹ کے نوجوان وکیل احتشام بٹ نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیر میں رجسٹریشن کے ایک علیحدہ محکمہ کے قیام سے پہلے تحفے اور لیز پر رجسٹریشن عدالتوں میں بلا معاوضہ تھی، تاہم اب اسٹامپ ڈیوٹی کے علاوہ اس پر چارج لگے گا۔ بٹ نے کہا ’’اس سے پہلے ، آپ کو اسٹامپ ڈیوٹی کے ساتھ عدالت کی فیس جمع کرنی ہوتی تھی تاہم اب چونکہ اندراج کو رجسٹریشن / ریونیو ڈیپارٹمنٹ میں منتقل کردیا گیا ہے تو لوگوں کو رجسٹریشن فیس کے ساتھ ساتھ اسٹامپ ڈیوٹی بھی ادا کرنی ہے اور اب فیس میں اضافہ ہواہے‘‘۔محکمہ مال کے نوٹیفکیشن کے مطابق ’’رجسٹریشن ایکٹ 1908 کے سیکشن 78 کے ذریعہ دیئے گئے اختیارات اور 4 اگست کے نوٹیفکیشن ایس او 242 کے تحت لیفٹیننٹ گورنر نے رجسٹریشن فیس کی ہدایت دی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق فروخت کے کام ، تبادلہ عمل واس جیسے دیگر کاموں سے غیر منقولہ جائیداد پر مالیت کا 1.2 فیصد مقرر کیا گیا ہے جبکہ تحفہ یا تصفیے پر محکمہ نے قیمت کا 0.5 فیصد مقرر کیا ہے جوکم سے کم 1000روپے اور زیادہ سے زیادہ 10000روپے ہے۔ فروخت کے معاہدہ، جنرل پاور آف اٹارنی ، تعمیر / غیر منقولہ جائیداد کا معاہدہ زمرہ ایک کے تحت قیمت کا 0.5 فیصد طے کیا گیا ہے جوکم سے کم 2000روپے اور زیادہ سے زیادہ 20000روپے ہے۔زمرہ دو میں محکمہ نے جائداد / مشینری / مادی اشیا/ اسٹاک سے متعلق معاہدے کے نوٹیفکیشن کے مطابق ، فیس قیمت کا 0.5 فیصد مقرر کیاہے جوکم سے کم 1000اور زیادہ سے زیادہ 5000روپے ہے۔اسی طرح سے غیر منقولہ املاک کی تعمیر / ترقی / منتقلی پر دی جانے والی پاور آف اٹارنی کے لئے قیمت کا 0.5 فیصد مقرر کیا جاتا ہے جو کم سے کم 1000روپے اور زیادہ سے زیادہ 20000روپے ہے۔ دستاویزات کی دیگر تمام اقسام میں جو زمرہ نمبر ایک ، دو اور تین میں شامل نہیں ہیں ، محکمہ نے ایک ہزار روپے مقرر کیا ہے۔پانچویں زمرے میں ، سرٹیفائیڈ کاپی اوراس کے جاری کرنے پر 1000 روپے فیس ہوگی اور اس کی کاپی کے لئے 1 روپے فی کاپی وصول کی جائے گی۔رجسٹری ایکٹ کی دفعہ 38 کے تحت کمیشن کے اجراء کے لئے متعلقہ رجسٹرار کے ذریعہ طے شدہ 1908 ڈی اے اور رجسٹریشن ایکٹ 1908 ڈی اے کے سیکشن 31 کے تحت نجی رہائش گاہوں کے لئے محکمہ نے 5000 روپے مقرر کئے ہیں ۔