عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ضلع پلوامہ کے اْکْھوکاکہ پورہ علاقے میں جمعرات کو اْس وقت سنسنی اور خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو گئی جب نہانے کے دوران تین غیر مقامی افراد اچانک پانی کے تیز بہاؤ میں پھنس کر ڈوبنے لگے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگوں اور پولیس نے فوری طور پر مشترکہ ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ بروقت کارروائی کے نتیجے میں دو افراد کو بحفاظت پانی سے باہر نکال لیا گیا، تاہم ایک شخص کو بچایا نہ جا سکا اور وہ پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔ریسکیو ٹیموں نے تقریباً دو گھنٹے تک مسلسل تلاش جاری رکھی، جس کے بعد ڈوبنے والے شخص کی لاش پانی سے برآمد کر لی گئی۔
بعد ازاں لاش کو قانونی کارروائی کے لیے سب ڈسٹرکٹ اسپتال پانپور منتقل کیا گیا، جہاں تمام ضروری سرکاری لوازمات مکمل کرنے کے بعد میت ورثا کے حوالے کر دی گئی۔مرنے کی شناخت غلام رسول کے نام سے ہوئی ہے۔ واقعے کے سلسلے میں پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی تمام تفصیلات معلوم کی جا سکیں۔انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ گرمیوں کے موسم میں دریاؤں، ندی نالوں اور دیگر آبی ذخائر میں نہاتے وقت انتہائی احتیاط برتیں اور خطرناک یا گہرے پانی میں جانے سے گریز کریں تاکہ ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔