محمد تسکین
بانہال // جموں – سرینگر قومی شاہراہ پر خونی نالہ کے نزدیک بدھ کی دوپہر پیش آئے ایک المناک سڑک حادثے میں ایک سکوٹی سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا ہے۔ عید کے روز یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار ٹینکر نے اسکوٹی کو ٹکر مار دی۔مہلوک کی شناخت لیاقت احمد گوجر ولد محمد یوسف گوجر ساکن گوجر بستی خونی نالہ کے طور پر ہوئی ہے۔اطلاعات کے مطابق ٹینکر کی زور دار ٹکر کے بعد اسکوٹی شاہراہ کے کنارے سے کئی سو میٹر گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں لیاقت احمد گوجر موقع پر ہی دم توڑ گیا۔پولیس نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، ہمالین کیو آر ٹی رامسو اور کیو آر ٹی رامبن کی ٹیموں نے مشترکہ طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ کھائی کی گہرائی اور دشوار گزار علاقے کے باعث لاش کو باہر نکالنے میں کافی مشکلات پیش آئیں، تاہم ٹیموں کی سخت محنت کے بعد لاش کو بازیاب کر لیا گیا۔ادھر رامسو پولیس نے ٹینکر ڈرائیور کو حراست میں لے کر معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔