کوئنس ٹاؤن//امیلیا کیر (67)، ایمی سیٹرتھویٹ (59) اور لارین ڈاؤن (64) کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت نیوزی لینڈ کی خواتین کرکٹ ٹیم نے تیسرے ون ڈے میں ہندوستان کو پانچ گیندیں باقی رہ کر تین وکٹوں سے شکست دے دی۔ نیوزی لینڈ نے پانچ میچوں کی سیریز میں تین۔صفر کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرلی ۔ میزبان نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر ہندوستان کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔ ہندوستان نے تین نصف سنچریوں کی بدولت 49.3 اوورز میں 279 رنز کا چیلنجنگ اسکور بنایا ۔جواب میں نیوزی لینڈ نے صرف 14 رنز میں دونوں اوپنرز کو گنوانے کے باوجود 49.1 اوور میں سات وکٹوں پر 280 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے تین بلے بازوں نے نصف سنچریاں مکمل کیں۔ امیلیا کیر نے 80 گیندوں پر آٹھ چوکوں کی مدد سے 67، سیٹرتھ ویٹ نے چھ چوکوں کی مدد سے 76 گیندوں پر 59 اور لارین نے 52 گیندوں پر چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے ۔ گیندبازی میں ہانا رو اور روزمیری میئر نے دو دو جبکہ سوفی ڈیوائن، امیلیا کیر، فرانسس میکے اور سیٹرتھ ویٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ہندوستان کے لیے سلامی بلے باز میگھنا اور شیفالی نے پہلی وکٹ کے لیے 100 رنز کی شراکت کے ساتھ ٹھوس آغاز کیا۔ تاہم اس کے بعد کوئی بڑی شراکت نہیں ہوسکی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کی وجہ سے ہندوستان 279 رنز پر آل آؤٹ ہوگیا۔ گیندبازی میں تجربہ کار جھولن گوسوامی نے 10 اوور میں 47 رنز دے کر سب سے زیادہ تین وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ رینوکا سنگھ، ایکتا بشٹ، دپتی شرما اور اسنیہا رانا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ہندوستان کی جانب سے میگھنا نے 61، شیفالی نے 51 اور دیپتی شرما نے 69 رن ( ناٹ آوٹ) بنائے ۔ ہرمن پریت کور 13 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئیں جب کہ کپتان میتھالی راج صرف 23 رنز ہی بنا سکیں۔ اب دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا چوتھا ٹی ٹوئنٹی میچ منگل کے روزکھیلا جائے گا۔یواین آئی