پونچھ+راجوری//پورے ملک کی طرح خطہ پیر پنچال میں بھی 15اگست کوجشن آزادی نہایت جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔اس بار یہ جشن منفرد اس لئے رہا کہ عوامی نمائندگان، ضلع افسران،سیاسی جماعتوں، سماجی شخصیات،پنچایتی ممبران اور غیر سرکاری تنظیموں سب کی جانب سے آثار قدیمہ کے محلات ،سرکاری دفتروں کی عمارتوں،پنچایت گھروں ، تعلیمی اداروں، عدالتوں اورچوراہوں پرقومی پرچم لہراکر انھیں سلامی پیش کی گئی۔ضلع پونچھ کی سب سے بڑی تقریب سپورٹس سٹیڈیم پونچھ میں منعقد ہوئی جہاں ضلعی ترقیاتی کونسل کی چیئر مین تعظیم اختر نے قومی پرچم لہرا کر اسے سلامی پیش کی اور مارچ پاس کا جائزہ لیا ۔اس موقعہ پر انھوں نے خطاب کرتے ہوئے ملک کے75ویں یوم آزادی کے موقع پر ضلع انتظامیہ کی طرف سے اور اپنی طرف سے تمام عوام کو مبارکباد پیش۔انہوں نے کہا کہ مجھے نہایت مسرت ہو رہی ہے کہ مجھے آج قومی پرچم لہرانے کی سعادت حاصل ہوئی ہے، کیونکہ آج ہی کے دن 1947 میں بھارت کو صدیوں کی غلامی سے نجات ملی تھی۔انہوں نے کہا آج ہی ہمارا ملک آزاد ہوا اور ہمارے رہنماؤں نے جمہوری نظام حکومت اختیار کر کے ہر شہری کو ترقی کرنے اور آگے بڑھنے کے مساوی حقوق دیئے اور عوام کے لئے بہتر زندگی کے خوابوں کی تعبیر شروع ہوئی اور ملک میں ہمہ گیر تعمیر و ترقی کا دور شروع ہوگیا۔انہوں نے کہایہ آزادی کا ہی ثمر ہے کہ آج صنعتی لحاظ سے ہمارا شمار دنیا کے پہلے پانچ ملکوں میں ہو رہا ہے۔انہوں نے کہاہمارے خلائی سیارچے چاند اور منگل کے سفر پر روانہ ہوئے ہیں۔زرعی لحاظ سے ہم نے خود کفالت حاصل کی ہے۔جوہری توانائی اور میزائل ٹیکنالوجی میں اپنا مقام بنایا ہے جب کہ سرحد پر جارحیت کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیا جارہا ہے اورپُر امن ماحول میں تعمیر و ترقی و عوامی فلاح و بہبود کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پورے ملک کے شانہ بشانہ جموں کشمیر میں بھی ہمارے عوام ہر شعبے میں آگے بڑھے ہیں اور عام آدمی کا معیار زندگی بلند ہوا ہے جبکہ دوسرے علاقوں کے ساتھ ساتھ سرحدی اور پہاڑی ضلع پونچھ بھی تعمیر و ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے۔آج جبکہ کرونا جیسی وبائی بیماری کے باعث پوری دنیا مشکل ترین دور سے گزر رہی ہے۔اس بیماری کی دوسری لہر نے ہمارے ملک کو بھی اپنی گرفت میں لے کر نہایت سنگین حالات پیدا کر دیئے تھے اور اس کے مضر اثرات ضلع پونچھ میں بھی رونما ہوئے۔لیکن ملک میں تیار کردہ یکسین ٹیکہ کاری کی بروقت مہم ،طبی سہولیات کی فراہمی ،ضلع انتظامیہ کی چوکسی اور عوام کی طرف سے کوڈ ضابطوں پرعملدرآمد کے باعث ہمیں بڑی حد تک اس بیماری پر قابو پانے میں کامیابی ملی ہے۔ انہوں نے کہا ٹیکہ کاری مہم کی کامیابی ہے۔ عوام کے تعاون سے ہم 45 برس سے اوپر والے افراد کی ٹیکاری کا سو فیصدی نشانہ حاصل کر چکے ہیں جب کہ 18 سے 45 برس کے درمیان والے افراد میں 35 فیصد کی ٹیکہ کاری ہو چکی ہے۔اُدھر سب ضلع ہسپتال منڈی اور ضلع ہسپتال پونچھ میں آکسیجن پلانٹ نے کام کرنا شروع کر دیا ہے جس سے عوام کو ضلع میں ہی بہتر سہولیات دستیاب ہو جائیں گی اور وبائی بیماری کی تیسری لہر کے خدشے کو روکنے میں بڑی مدد ملے گی۔اپنے خطاب کے دوران انھوں نے محکمہ تعمیراتعامہ،محکمہ صحت، محکمہ جل شکتی،محکمہ دیہی ترقیات، محکمہ سماجی بہبود،محکمہ مال، محکمہ ذراعت،محکمہ تعلیم اور دیگر محکمہ جات کی جانب سے سال روان کے دوران کئے گئے ترقیاتی کاموں پر تفصیلی روشنی ڈالی اور تمام محکموں کی کارکردگی کو سراہا۔انہوں نے کہا آج یوم آزادی کے موقع پرمیری آپ سے اپیل ہے کہ جہاں آپ تعمیروترقی میں ہاتھ بٹا رہے ہیں وہی روایتی میل ملاپ ،بھائی چارے اور خیرسگالی کا ماحول بھی بنائے رکھیں تاکہ ہم مل کر عوام کی بہتر زندگی ،روشن مستقبل اور خوشحال معاشرے کے لیے کام کر سکیں۔ ضلع ہیڈ کوارٹر پونچھ کیساتھ ساتھ سب ڈویژن مینڈھر ،سرنکوٹ اور منڈی کے مختلف علاقوں میں یوم آزادی کی تقریبات منعقد ہوئی ۔مینڈھر سب ڈویژن میں سب سے بڑی تقریب سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر پر منعقد ہوئی جبکہ تمام سرکاری سکولوں میں بھی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔سب ڈویژن کے دیگر سکولوں کیساتھ ساتھ گور نمنٹ مڈل سکول دھڑہ ناڑ میں بھی ایک تقریب منعقد ہوئی جہاں پر پرچم کشائی کی گئی ۔راجوری ضلع میں سب سے بڑی تقریب ضلع ہیڈ کوارٹر پر منعقد کی گئی ۔اس کے علاوہ گورنمنٹ ماڈل بوائز ہائر سیکنڈری سکول تھنہ منڈی میں 75 واں یوم آزادی کی تقریب بارش کے دوران بڑے جوش و خروش منعقد ہوئی ۔اس موقع پر چیئرمین میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی شکیل میر نے قومی جھنڈا لہرایا اور پریڈ پر سلامی لی۔ انہوں نے اس موقع پر خطاب کے دوران یوم آزدی کیلئے اپنی جانوں کی قربانیاں دینے والوں کو خراج عقید ت پیش کیا ۔اس موقع پر تحصیلدار تھنہ منڈی محمود ریاض خان، ڈی ڈی سی ممبر عبدالقیوم میر ، معزز شہریوں ، بلدیاتی اداروں کے عوامی نمائندوں، پنچوں اور سرپنچوں کے علاوہ اخباری نمائندوں ، مسلح افواج ، جموں و کشمیر پولیس کے افسران اور سب ڈویڑن تھنہ منڈی کے دیگر افسران اور تمام اہلیان تھنہ منڈی نے گورنمنٹ ماڈل بوائز ہائر سیکنڈری اسکول تھنہ منڈی میں، 15 اگست 2021 کو تمام کووِڈ ایس او پیز اور پروٹوکول پر سختی سے عملدرآمد کرتے ہوئے اس شاندار اور پروقار تقریب کو مزید متحرک اور رنگین بنانے کے لیے شرکت کی۔ اسی طرح منجا کوٹ تحصیل میں سب سے بڑی تقریب گور نمنٹ ہائر سکینڈری سکول منجا کوٹ میں منعقد کی گئی جہاں پر قومی پرچم لہرایا گیا ۔