سرینگر// نیشنل کانفرنس کے ترجمانِ اعلیٰ تنویر صادق نے خان باغ پریمئر لیگ کے فائنل میچ کی اختتامی تقریب پر شہید ملت سپورٹس اسٹیڈیم لعل بازار کو صدرِ نیشنل کانفرنس ڈاکٹر فاروق عبداللہ (رکن پارلیمان) کی جانب سے ہائیڈرولک رولر فراہم کرنے کا اعلان کیا، جس کی قیمت 6.5لاکھ روپے ہے۔ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تنویر صادق نے کہا کہ جموں و کشمیر میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے لیکن اس ٹیلنٹ کی نشاندہی کرنے اور صحیح سمت دینے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے نوجوانوں سے منشیات سے پاک معاشرے کے پیغام کو عام کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس لعنت کے خاتمے کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا اور کھیلوں کے تئیں نوجوانوں کی رغبت اس میں کافی مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی سطح پر بنا رہے ہیں اور میں اُمید کرتا ہوں کہ آپ میں سے بھی کئی کھلاڑی کھیل کی دنیا میں اپنا نام بنائیں گے۔ تنویر صادق نے کہا کہ اگر نیشنل کانفرنس مستقبل میں پھر سے اقتدار میں آئی تو ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ سرینگر کے تمام اسٹیڈیم ملک کے بہترین اسٹیڈیموں کے معیار پر لایا جائے گا۔ تنویر صادق میچ کے اختتام پر انعامات بھی تقسیم کئے۔