جموں/وزیر برائے صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول شیام چودھری نے حکومت کے جموں ہر گھر کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔ جموں میں پینے کے پانی کی سہولیت میں توسیع لانے پر زور دیتے ہوئے وزیر نے انجینئروں کو مقررہ اوقات کے دوران معقول مدت تک صارفین کو پانی فراہم کرنے کے لئے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت دی۔وزیر پالورہ اور نیو پلاٹ میں اِکنامک رکنسٹرکشن ایجنسی کی جانب سے جموں سٹی واٹر سپلائی رہیبلی ٹیشن پروگرام کے تحت تعمیر کئے گئے دو ٹیوب ویلوں کا افتتاح کیا جن پر فی ٹیوب ویل 1.30کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔رُکن پارلیمان شمشیر سنگھ منہاس بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔ پالورہ باتھنگ گھاٹ پر تعمیر کئے گئے ٹیوب ویل کی صلاحیت 22,500گیلن فی گھنٹہ ہے اور اس کی چالو ہونے سے علاقے میں پانی کی موجودہ ترسیل میں 4.50 لاکھ گیلن یومیہ کے اضافہ سے بہتری آئے گی۔ اس واٹر سپلائی سکیم سے پالورہ ، ڈوک پالورہ ، بوٹا نگر ، نیل شیل وہار ، شیوا نکلیو ، پریتم نگر اور دیگر ملحقہ علاقوں میں رہنے والے مستفید ہوں گے۔پی ایچ ای سٹیشن نیو پلاٹ میں تعمیر کئے گئے ٹیو ب ویل کی صلاحیت 15000گیلن فی گھنٹہ ہے اور ا س سے نیو پلاٹ ، پریتم نگر ، سروال ، لکشمی نگر ، سبھاش نگر، رہاری ، سروا ل او رسبھاش نگر کے گورنمنٹ کوارٹروں میں رہنے والوں کے لئے اضافی تین لاکھ گیلن پینے کا صاف پانی یومیہ دستیاب رہے گا۔وزیر نے مقامی لوگوں کی شکایات بغور سنے اور متعلقہ انجینئر کو وارڈ 38اور 39میں پینے کے پانی سے متعلق مسائل کا از خود جائزہ لینے کی ہدایت دی۔ دریں اثنا شمشیر سنگھ منہاس نے کہا کہ مرکزی حکومت ریاست کو ترقیاتی سرگرمیوں کے لئے تمام ممکنہ امداد دستیاب رکھ رہی ہے اور پینے کے پانی اور بجلی کی ترسیل کو باقاعدہ بنانے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔چیف انجینئر پی ایچ ای اے کے گنڈوترہ اور محکمہ کے دیگر اعلیٰ افسران اس موقعہ پر موجود تھے۔