یو این آئی
ممبئی//گھریلو شیئر بازار میں جمعہ کو مسلسل پانچویں کاروباری دن بھی گراوٹ کا رجحان برقرار رہا اور دونوں اہم اشاریے تقریبا چھ ہفتوں کی کم ترین سطح پر بند ہوئے۔بمبئی اسٹاک ایکسچینج (بی ایس ای)کا حساس اشاریہ سینسیکس کاروبار کے دوران 917 پوائنٹس تک گرنے کے بعد آخر میں 331.62 پوائنٹس یعنی 0.43 فیصد کی کمی کے ساتھ 76,059.77 پوائنٹس پر بند ہوا۔ اسی طرح نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای)کا نفٹی-50 اشاریہ بھی 102.15پوائنٹس یا 0.43 فیصد گر کر 23,767.45 پوائنٹس پر آ گیا۔ دونوں اشاریے 12 جون کے بعد اپنی کم ترین سطح پر بند ہوئے۔اہم اشاریوں کے مقابلے میں وسیع تر بازار میں دبا نسبتا کم رہا۔ نفٹی مڈ کیپ-50 اشاریہ 0.11 فیصد اضافے کے ساتھ بند ہوا، جبکہ نفٹی اسمال کیپ-100 اشاریہ 0.32 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ بند ہوا۔
آئی ٹی، میڈیا اور سرکاری بینکوں کے حصص میں خریداری دیکھی گئی، جبکہ آٹو، دھات، فارما، رئیلٹی، صحت، تیل و گیس اور سیمنٹ شعبوں میں فروخت کا دبا غالب رہا۔سینسیکس میں شامل کمپنیوں میں ایٹرنل، مہندرا اینڈ مہندرا اور بجاج فائنانس کے حصص میں دو فیصد سے زیادہ کی گراوٹ درج کی گئی۔ بھارتی ایئرٹیل، ایشین پینٹس اور انفوسس کے حصص ایک سے دو فیصد تک نیچے بند ہوئے۔ اس کے علاوہ ٹاٹا اسٹیل، انڈیگو، ایچ ڈی ایف سی بینک، سن فارما، بجاج فنسرو، ہندوستان یونی لیور، اڈانی پورٹس، پاور گرڈ، الٹرا ٹیک سیمنٹ، این ٹی پی سی اور ٹائٹن کے حصص بھی گراوٹ میں رہے۔دوسری جانب ایچ سی ایل ٹیکنالوجیز کے شیئر میں دو فیصد سے زیادہ کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ آئی ٹی سی، ایکسس بینک، ٹی سی ایس، ٹرینٹ، ماروتی سوزوکی اور کوٹک مہندرا بینک کے شیئر بھی سبز نشان میں بند ہوئے۔