سرینگر// جموں و کشمیر میںاسمبلی حلقوں کی ازسرنو شکل دینے کیلئے بنائے گئے حد بندی کمیشن کا آج یعنی بدھ کو اجلاس منعقد ہونے کا امکان ہے جس میں حد بندی کے عمل کو آگے بڑھانے کیلئے سیاسی جماعتوں سے مشاورت سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔ گذشتہ ہفتے جموں و کشمیر کی مرکزی دھارے میں شامل سیاسی جماعتوں کے لیڈر وںکے ساتھ ایک ملاقات میں ، وزیر اعظم ہند نریندر مودی نے زور دے کر کہا تھا کہ حد بندی کی مشق جلد مکمل ہونی چاہئے تاکہ جموں کشمیر میں انتخابات کے انعقاد کیلئے راہ ہموار ہوسکے۔سپریم کورٹ کے سابق جج رنجنا ڈیسائی کی سربراہی میں تین رکنی حد بندی کمیشن، گذشتہ سال فروری میں قائم کیا گیا تھا۔ یہ ایک سال کے مختص وقت میں اپنا کام مکمل نہیں کرسکا اور اب اس میں مارچ تک ایک سال کی توسیع کردی گئی ہے۔جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے لوک سبھا ممبران اور ایسو سیٹ ممبران سمیت کمیشن کا ایک مکمل اجلاس جلد ہونے کا امکان ہے۔ اس طرح کے اجلاس کی تاریخ آج یعنی بدھ کو طے کی جائے گی۔ریاست کی مرکزی دھارے میں شامل جماعتوں میں سے ، نیشنل کانفرنس ، جس نے وادی کشمیر سے تینوں لوک سبھا نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے ، نے اس سے قبل کمیشن کی کارروائی سے دور رہنے کا فیصلہ کیا تھا جس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس مرحلے پر انتخابی حلقوں کو دوبارہ سے متعین کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔تاہم ، ایسے اشارے ملے ہیں کہ پارٹی حد بندی کمیشن کے آئندہ اجلاسوں میں شامل ہوسکتی ہے۔اس ضمن میں پارٹی نے حال ہی میں پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبد اللہ کو فیصلہ کرنے کا اختیار دیا ہے کہ کمیشن کے مباحثے میں حصہ لینا ہے یا نہیں۔بدھ کو کمیشن میں ہونے والا اجلاس جسٹس (ر) رنجنا دیسائی کی زیرصدارت ہوگا اور اس میں پول پینل کے سینئر عہدیدار شریک ہوں گے۔ کمیشن کے دیگر ممبران چیف الیکشن کمشنر اور جموں و کشمیر کے چیف انتخابی افسر ہیں۔