عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر کے عازمین حج کا پہلا دستہ منگل کو سعودی عرب میں سالانہ حج کے فرائض انجام دیکرسرینگر واپس آیا۔ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے یہاں ہوائی اڈے پر ان کا استقبال کیا۔انہوں نے بتایا کہ 144 عازمین کو لے کر پہلی پرواز دوپہر کو سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچی۔حج سے واپس آنے والے عازمین کا ایئرپورٹ پر وزیر اعلیٰ نے استقبال کیا، ان کے ساتھ ان کے مشیر ناصر اسلم وانی اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔حکام نے بتایا کہ جموں و کشمیر اور لداخ کے زائرین کے لیے منگل کو شروع ہونے والی واپسی کی کارروائیاں 16 جون تک جاری رہیں گی۔انہوں نے بتایا کہ اس سال جموں و کشمیر کے 4,641 عازمین نے حج کی سعادت حاصل کی، جن میں 2,583 مرد اور 2,058 خواتین شامل ہیں۔ اس سال پہلی بار عازمین حج کیساتھ انکا سامان ساتھ نہیں آرہا ہے بلکہ احمد آباد سے انکا سامان زمینی راستے سے سرینگر پہنچایا جائیگا۔امسال عازمین حج کے سامان کے وزن میں بھی 10کلو کی کٹوتی کی گئی ہے۔