عاصف بٹ
کشتواڑ // محکمہ تعلیم کے زون اندرول میں حاضری کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے اساتذہ کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی گئی ہےاور 151اساتذہ کی مارچ ماہ کی تنخواہیںروکنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ زونل ایجوکیشن آفیسر اندرول کی جانب سے جاری حکم نامے زیر نمبر ZEO/I/2026/28-31کے مطابق 151ملازمین کی مارچ 2026کی تنخواہیں روکنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔حکم نامے کے مطابق چیف ایجوکیشن آفیسر کشتواڑ کی جانب سے قبل ازیں اساتذہ کو جے کے سمارٹ فیس اٹینڈنس سسٹم پر وقت کی پابندی کے حوالے سے سخت ہدایات اور آخری وارننگ دی گئی تھی۔ تاہم بارہا ہدایات اوریاد دہانیوں اور انتباہات کے باوجود بعض اساتذہ مقررہ وقت پر اپنی حاضری درج کرنے میں ناکام رہے۔ حکام نے اس صورتحال کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے متعلقہ ملازمین کی مارچ ماہ کی تنخواہیں اگلے احکامات تک روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی تمام متعلقہ اساتذہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تین دن کے اندر اپنی پوزیشن واضح کرتے ہوئے تفصیلی وضاحت جمع کروائیں ،بصورت دیگر ان کے خلاف قواعد کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔