ترال// ترال کے دور افتادہ علاقے حاجن میںریچھ کے حملے میں ایک 15سالہ لڑکا شدید زخمی ہوا جس کو فوری طور ترال ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے اُسے سری نگر منتقل کیا گیا جبکہ مونگہامہ میں بھی ایک شہری اسی طرح کے ایک اور حملے میں زخمی ہوا۔ ان حملوں کے بعد ان علاقوں میں خوف و ہراس کی لہر دوڑ گئی ہے ۔تحصیل آری پل کی ایک دور افتادہ گوجر بستی حاجن ترال میں پیر کی صبح ریچھ کے حملے میں 15 سالہ نوجوان منیر احمد گوجر زخمی ہوگیا۔اس دوران زخمی نوجوان کو ڈسٹرکٹ اسپتال ترال میں داخل کرایا گیا جہاں ابتدائی مرہم پٹی کے بعد اسے سرینگر کے ایس ایم ایس ایچ اسپتال منتقل کیا گیا۔بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ نوجوان اپنے گھر کے باہر تھا جس دوران اس پرریچھ حملہ آورہوا۔ادھر والڈ لائف کے ایک افسر بشیر احمد نے اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس واقعے کے بعد مونگہامہ نامہ گائوں میں بھی ایک ریچھ نے شہری پر حملہ کر کے اُسے زخمی کر دیا ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ علاقے میں ریچھوں کے جھنڈدندناتے پھررہے ہیں،جس کی وجہ سے پورے گائوں کی آبادی محصور ہوکر رہ گئی ہے۔لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ گائوں میں ریچھوں کو قابو کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیںتاکہ لوگوںکو نقل حرکت میں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ خیال رہے ترال کے ہر گائوں میں کسی نہ کسی روز ریچھ نمودار ہوتے ہیں ۔