یو این آئی
لندن//ہسپانوی ٹینس اسٹار کارلوس الکاراز نے سابق چمپئن نوواک جوکووِچ سے ومبلڈن کا فائنل چھین لیا۔ ہسپانوی ٹینس اسٹار کارلوس الکاراز نے ومبلڈن مینز فائنل جیت لیا ہے۔ انھوں نے فائنل میں سربیائی ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ کو شکست سے دوچار کر کے لگاتار پانچویں ٹائٹل سے محروم کر دیا۔نوواک جوکووچ اپنا ریکارڈ 24 واں گرینڈ سلم جیتنے میں ناکام رہے۔ سنسنی خیز مقابلے کے بعد الکاراز نے پانچویں سیٹ میں انھیں شکست دے کر کامیابی سمیٹی۔پانچ سیٹس پر مشتمل اس مقابلے کو آل انگلینڈ کلب کے بہترین مقابلوں میں سے ایک سمجھا جا رہا ہے ۔
الکاراز نے تقریباً پانچ گھنٹوں پر مشتمل اس دل کش کھیل میں پہلا ومبلڈن ٹائٹل اور دوسرا گرینڈ سلم ٹائٹل اپنے نام کیا ہے ۔ اس فائنل سے پہلے جوکووچ نے ومبلڈن میں لگاتار 34میچ جیتے تھے اور 2013سے سینٹر کورٹ پر کوئی میچ نہیں ہارا تھا لیکن الکاراز نے اپنا دوسرا گرینڈ سلم ٹائٹل جیت کر تاریخ کو پلٹ دیا۔20سالہ ہسپانوی کھلاڑی نے ٹینس کی تاریخ کے سب سے زیادہ غالب دور کا خاتمہ کر دیا۔ الکاراز 2002 سے ومبلڈن مینز سنگلز ٹائٹل جیتنے والے جوکووچ، راجر فیڈرر، رافیل نڈال اور اینڈی مرے کے کھیل کے ‘بگ فور’ سے باہر کے پہلے کھلاڑی ہیں۔برطانوی شہزادی (پرنسز آف ویلز) سے ٹرافی وصول کرنے کے بعد جذباتی انداز میں الکاراز نے کہا ’’یہ میرے لیے ایسا ہے جیسے خواب سچا ہو جائے ، اس خوب صورت ٹورنامنٹ میں تاریخ رقم کرنا، اپنے کھیل کے ایک لیجنڈ کے خلاف فائنل کھیلنا میرے لیے یہ ناقابل یقین ہے ، میرے جیسے 20 سال کے لڑکے کے لیے اس قسم کی صورت حال تک پہنچنا حیرت انگیز ہے‘‘۔