سری نگر//کانگریس کے سینئرلیڈر دگ وجے سنگھ نے دفعہ370کی منسوخی کے فیصلے پرسوال اُٹھاتے ہوئے کہاکہ اٹل بہاری واجپائی کا’’جمہوریت، کشمیریت اور انسانیت‘‘کااصول کہاں گیا۔انہوںنے کہاکہ جن کشمیری سیاسی لیڈروں نے مرکز کاہمیشہ ساتھ دیا،اُن کساتھ کیا سلوک کیاگیا؟۔کانگریس کے جنرل سکریٹری اور رُکن پارلیمان دگ وجے سنگھ نے راجیہ سبھا میں مرکزی حکومت کی نکتہ جینی کرتے ہوئے کہا کہ دفعہ 370 کو منسوخ کرنا بی جے پی کے ایجنڈے میں تھا اور انہوں نے اسے منسوخ کردیا۔دگ وجے سنگھ نے کہا کہ اٹل بہاری واجپئی سے جب مسئلہ کشمیر کا حل پوچھا گیا تھا تو ان کا کہنا تھا کہ اس حل کا جمہوریت، کشمیریت اور انسانیت ہے لیکن جب دفعہ 370کو منسوخ کیا گیا تب نہ جمہوریت، نہ کشمیریت اور نہ ہی انسانیت نظر آئی۔انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ کیا کشمیر میں عسکریت پسندی کا خاتمہ ہوگیا؟ آج بھی عسکریت پسندی کا خاتمہ نہیں ہوا ہے۔انہوںنے کہاکہ اگر ہم گزشتہ برسوں کے مقابلے میں اعدودشمار دیکھیں تو کہیں زیادہ عسکریت پسند اور سکیورٹی فورسز کے اہلکار تصادم کے دوران یا دیگر واقعات میں ہلاک ہوئے ہیں۔کانگریس کے سینئرلیڈردگ وجے سنگھ نے کہا کہ وادی کشمیر کے سیاسی رہنما جنہوں نے مرکز کے ساتھ کئی انتخابات میں حصہ لیا اور حکومتیں بنائیں لیکن مرکزی حکومت نے ان کے ساتھ کیا کیا ؟ انہیں قید کردیا۔ کیا یہی جمہوریت، کشمیریت اور انسانیت ہے؟