سرینگر // قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کے ساتھ جموں و کشمیر پولیس کی استعداد سازی پر پانچ روزہ مشترکہ تربیتی پروگرام پولیس ہیڈ کوارٹر سری نگر میں اختتام پذیر ہوا۔ اختتامی تقریب کے دوران جموں کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے جسٹس علی محمد ماگرے مہمان خصوصی تھے۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس علی محمد ماگرے نے جموں کشمیر پولیس افسران کے اس پروگرام میں شرکت کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جے اینڈ کے پولیس اور اس کے افسران کے کام کو قریب سے دیکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ جے اینڈ کے پولیس نہ صرف گزشتہ تین دہائیوں سے ایسے مشکل وقت میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھ رہی ہے بلکہ یہاں کے لوگوں کی حفاظت بھی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے کے پولیس نے اس خوبصورت جگہ پر رہنے والے تمام لوگوں کے درمیان امن اور آپسی بھائی چارے کو یقینی بنایا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جموں وکشمیر پولیس باصلاحیت افسران اور اہلکاروں کی وجہ سے مشکل حالات سے نمٹنے میں موثر ثابت ہوئی ہے۔انہوں نے اپنے خطاب کے دوران تفتیشی افسران کو مختلف معاملات کی تفتیش کے دوران انتہائی محتاط رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ سرشار تفتیش کا اختتام قانون کی عدالت میں مجرم کی سزا پر ہوتا ہے۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ معلومات ، تکنیک اور ثبوتوں کو بروئے کار لائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کی جانب سے ٹکنالوجی اور دیگر ضروری گیجٹس کے استعمال سے کی جانے والی تربیت یو اے پی اے سمیت مجرمانہ مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے میں مدد دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پراسیکیوشن اور تفتیشی افسران کے درمیان مکمل ہم آہنگی اور تعاون بہت اہم ہے۔انہوں نے ڈی جی پی کی سر براہی میں این آئی اے کے اشتراک سے تفتیشی افسران کے لیے تربیت کورس کا انعقاد کرنے کے لیے پولیس ہیڈ کوارٹر کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ سیکھ تفتیشی افسران کی تفتیشی صلاحیتوں میں اضافہ کرے گا۔ ڈائریکٹر جنرل پولیس شری دلباغ سنگھ نے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ یہ اعزاز کی بات ہے کہ جسٹس علی محمد ماگرے بطور مہمان اور پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سرینگر محمد اکرم چوہدری بطور اعزازی مہمان تقریب میں شریک ہوئے۔انہوں نے اس دوران این آئی اے کے افسران کا بھی تقریب میں شرکت پرشکریہ ادا کیا۔پولیس سربراہ نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ سیکھنے کا یہ پانچ دن کا سفر بہت ہی نتیجہ خیز اور شرکاء کے لیے مفید ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی این آئی اے کے تعاون سے ہم دو ماہ کے اندر خاص جرائم بالخصوص یو اے پی اے کیسز کی تحقیقات کا دوسرا کورس منعقد کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں اس طرح کے مزید پروگرام جموں میں بھی منعقد کیے جائیں گے۔شری سنگھ نے کہا کہ بیشتر علاقے جو تفتیش کے لیے بہت اہم ہیں تربیتی پروگرام کے دوران توجہ کا محور رہے۔انہوں نے کہا کہ این آئی اے افسران کی جانب سے جو پریزنٹیشن دی گئی وہ جموں وکشمیر پولیس کیان افسران کے لیے ضروری تھیں جو خصوصی جرائم کے مقدمات کی تفتیش میں نئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے پروگراموں کے انعقادکا مقصد نوجوان افسران کو تفتیشی واقفیت دینا تھا تاکہ وہ تفتیش کی باریکیوں کو سیکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ تربیتی پروگرام دونوں گزیٹڈ افسران کے ساتھ ساتھ پی ایس آئیز اور تفتیشی افسران کے لیے بھی بہت فائدہ مند ہوگا۔ڈی جی پی نے کہا کہ ان دو پروگراموں کے دوران تقریبا 210 افسران کو خصوصی تفتیشی مہارت کی تربیت دی گئی۔ انہوں نے تربیتی افسران کو مشورہ دیا کہ جو کچھ انہوں نے ٹریننگ پروگرام کے دوران سیکھا ہے اسے محکمے کے وسیع تر مفاد کے لیے آگے بڑھایا جائے۔