عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ہفتے کوجموں و کشمیر میں بیشتر مقامات پر بارش ہو تی رہی اور شام دیر گئے تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہا۔کشمیر ویدر کے مطابق جموں و کشمیر کے بیشتر مقامات پر شام کے بعد بارش کا سلسلہ رک گیا۔پیشن گوئی کے مطابق کچھ علاقوں میںاتوار تک ہلکی بارش ہو سکتی ہے، لیکن اہم موسمی نظام اب کمزور ہو کر دور ہو گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی تھی کشمیر ڈویژن کے بیشتر مقامات اور جموں ڈویژن کے کئی مقامات پر بارش کا سلسلہ دوپہر تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے جس کے بعد اس میں بہتری آئے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ26-27 جولائی تک کئی مقامات پر بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا ایک یا مرحلے متوقع ہے۔ جموں ڈویژن میں چند مقامات پر خاص طور پر دوپہر، شام اور صبح کے اوقات میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔28-31 جولائی کے درمیان زیادہ تر مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ نے جموں ڈویژن کے چند اضلاع میں دیر رات اور صبح کے اوقات کے ساتھ ساتھ دوپہر اور شام کے اوقات میں موسلادھار بارش اور مختصر شدید موسلادھار بارش کے امکان کے بارے میں خبردار کیا ہے۔اس نے اگلے 5 دنوں میں خطرناک مقامات پر سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے کے امکان سے بھی خبردار کیا ہے۔
راجوری
راجوری ضلع کے تھانہ منڈی علاقے کے بھٹیاں گائوں میں ہفتہ کو شدید بارش کے بعد ایک مکان منہدم ہونے سے ایک خاتون ہلاک اور اس کے خاندان کے دو افراد زخمی ہو گئے۔ گھر والے کچن میں بیٹھے ہوئے تھے کہ اچانک مکان گر گیا۔واقعے میں عبدالرحمان کی اہلیہ اور بھٹیاں گائوں کی رہائشی شاہدہ پروین جاں بحق ہوگئیں۔ خاندان کے دو دیگر افراد زخمی ہوئے اور انہیں علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کیا گیا۔