سیاحت، سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے:وزیراعلیٰ
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جموں و کشمیر کے پہلے’انٹرنیشنل فلم فیسٹیول (IFFJK-2026)‘کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا ہے کہ اس ایونٹ کا مقصد کشمیر کی فلمی شناخت کو بحال کرنا اور اسے عالمی معیار کی فلمی منزل کے طور پر دوبارہ متعارف کرانا ہے۔جائزہ اجلاس میں فیسٹیول کے وژن، فلموں کی نمائش، پروگرامنگ، برانڈنگ، ڈیجیٹل تشہیر، بین الاقوامی شراکت داری اور عالمی سطح پر شرکت سے متعلق تفصیلی غور کیا گیا۔ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کی ڈائریکٹر شریا سنگھل نے فیسٹیول کے مجوزہ خاکے پر جامع پریزنٹیشن پیش کی۔وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ فیسٹیول کو محض فلمی تقریب تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اسے جموں و کشمیر کیلئے ایک اہم ثقافتی اور اقتصادی پلیٹ فارم بنایا جائے، جو سیاحت، سرمایہ کاری، روزگار اور تخلیقی معیشت کو فروغ دے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیسٹیول کشمیر کو دوبارہ فلمی شوٹنگ اور تخلیقی سرگرمیوں کا پسندیدہ مرکز بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
عمر عبداللہ نے مقامی فلم سازوں، ہدایت کاروں، مصنفین، اداکاروں، سینماٹوگرافرز، تکنیکی ماہرین، فوٹوگرافرز، ڈیزائنرز، دستکاروں اور دیگر تخلیقی شعبوں سے وابستہ افراد کو فیسٹیول کا موثر حصہ بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ مقامی ٹیلنٹ کو قومی اور بین الاقوامی فلم سازوں کے ساتھ ماسٹر کلاسز، ورکشاپس، پینل مباحثوں، رہنمائی پروگراموں اور دیگر علمی نشستوں کے ذریعے سیکھنے اور روابط استوار کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔وزیر اعلیٰ نے یہ بھی تجویز دی کہ ان فلمی شخصیات کے اعزاز میں خصوصی سیکشن قائم کیا جائے جنہوں نے گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران جموں و کشمیر میں یادگار فلمیں بنا کر خطے کی فلمی روایت کو زندہ رکھا۔اجلاس میں فیسٹیول کی برانڈنگ، عالمی تشہیری مہم، تکنیکی اشتراک، مختلف مقامات پر انتظامات، ناظرین کے تجربے کو بہتر بنانے اور ادارہ جاتی تعاون سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مجوزہ چار روزہ فیسٹیول ستمبر 2026میں منعقد ہوگا، جس میں بین الاقوامی مقابلے، بھارتی اور علاقائی فلمیں، دستاویزی، مختصر، طلبہ اور اینی میشن فلمیں، انڈسٹری فورمز، ورکشاپس اور ثقافتی پروگرام شامل ہوں گے۔اجلاس میں فیسٹیول کیلئے ایک جامع ڈیجیٹل نظام، ویب سائٹ اور مصنوعی ذہانت (AI)پر مبنی موبائل ایپ تیار کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی، جس کے ذریعے فلموں کی جمع آوری، رجسٹریشن، شیڈولنگ، میڈیا رابطے اور فیسٹیول کے انتظامات کو موثر بنایا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ تمام تیاریاں بروقت مکمل کی جائیں تاکہ جموں و کشمیر کا پہلا انٹرنیشنل فلم فیسٹیول عالمی معیار کے مطابق کامیابی سے منعقد ہو اور خطے کی ثقافتی، سیاحتی اور فلمی صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے موثر انداز میں پیش کیا جا سکے۔