سرینگر //جموں و کشمیر میں عالمی وباء کے 13ماہ میں پہلی مرتبہ کورونا متاثرین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ منگل کو جموں و کشمیر میںبیرون ریاستوں اور ممالک سے آنے والے 352افراد سمیت 2030افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں اور اسطرح متاثرین کی تعداد 1لاکھ 50ہزار کا ہندسہ پار کرکے 150238تک پہنچ گئی ہے۔ اس دوران مزید 8افراد وائرس سے جان گنواچکے ہیں۔اس سے قبل گذشتہ سال 12ستمبر کو سب سے زیادہ 1698افراد کی رپورٹیں مثبت آئی تھی۔ پچھلے 24گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے39 ہزار 256تشخیصی ٹیسٹ کئے گئے ہیں جن میں ریکارڈ 2030کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ متاثرین میں میں 944جموں جبکہ 1086کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔ کشمیر کے 1086 متاثرین میں 963افراد مقامی سطح جبکہ 123افراد بیرون ریاستوں اور ممالک سے سفر کرنے کے بعد کشمیر آئے ہیں۔ مثبت قرار دئے گئے 1086افراد میں سرینگر میں سب سے زیادہ 647، بارہمولہ میں 136، بڈگام میں 119، پلوامہ میں 57، کپوارہ میں 6، اننت ناگ میں 36، بانڈی پورہ میں 21، گاندربل میں 16، کولگام میں 35 اور شوپیان سے 13افراد تعلق رکھتے ہیں۔ کشمیر میں مزید 3افراد وائرس سے فوت ہوئے ہیں ۔ مرنے والوں میں پنپوش کالونی چھنہ پورہ 58سالہ خاتون، نوگام کی 75سالہ معمر خاتون اور پیر باغ سرینگر کا 90سالہ معمر شخص کورونا وائرس سے فوت ہوگئے۔ متوفین کی مجموعی تعداد 1300ہوگئی ہے۔ جموں میں 944افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں جن میں 715مقامی سطح پر جبکہ بیرون ریاستوں اور ممالک سے جموں آنے والے 229افراد کی رپورٹیں بھی مثبت آئی ہیں۔ جموں کے 944 متاثرین میں جموں میں501،ادھمپور میں 81، راجوری میں 34، ڈوڈہ میں 13، کٹھوعہ میں 54، سانبہ میں 30، کشتواڑ میں 19، پونچھ میں 37، رام بن میں 32 اور ریاسی سے 143تعلق رکھتے ہیں۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 60ہزار کا ہندسہ پار کرکے 60296ہوگئی ہے۔ جموں میں مزید 5اموات کے ساتھ ہی مرنے والوں کی تعداد 771ہوگئی ہے۔ جموں و کشمیر میں متوفین کی مجموعی تعداد 2071تک پہنچ گئی ہے۔