سری نگر// جموںوکشمیر ہائی کورٹ کے چیف جسٹس ، جسٹس پنکج متھل نے جسٹس علی محمد ماگر ے کی موجو د گی میں جموںوکشمیر ہائی کورٹ کے سری نگر وِنگ میں جموںوکشمیر لیگل سروسز اَتھارٹی کے نیوز لیٹر کو جاری کیا۔اِس تقریب میں ہائی کورٹ کے دیگر جج صاحبان نے بذریعہ ورچیول موڈ شرکت کی۔چیف جسٹس جو جے کے ایل ایس اے کے سرپرست اعلیٰ بھی ہیں، نے نیوز لیٹر جاری کرتے ہوئے کہاکہ یہ نیوز لیٹر معلوماتی ہے اور گزشتہ برس جے اینڈ کے لیگل سروسز اَتھارٹی کی سرگرمیوں سے متعلق تمام تفصیلات فراہم کر تاہے ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ جے کے ایل ایس اے لیگل سروسز اَتھارٹی ایکٹ 1987 کی متعلقہ دفعات میں درج کردہ آئینی اہداف کو حاصل کرنے میں آگے بڑھ رہا ہے جس کا مقصد معاشرے کے کمزور طبقات کو مفت اور اہل قانونی خدمات کو فراہم کرنا ہے۔جسٹس پکنج متھل نے یہ بھی کہا کہ اس نیوز لیٹر میں تمام شہریوں کو دہلیز پر انصاف کے حصول کے مواقع کو یقینی بنانے کی سرگرمیوں کی تفصیلات بھی فراہم کی گئیں ہیں ۔اُنہوںنے آئینی ہدف کی کامیابیوں میں پیش رفت کے لئے جموںوکشمیر لیگل سروسز اَتھارٹی کی کاوشوں اور کوشش کی تعریف کرتے ہوئے ہدف کے حصول کے لئے اَتھارٹی کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔اِس موقعہ پر جسٹس ماگر ے جو جے اینڈ کے لیگل سروسز اَتھارٹی کے ایگزیکٹیو چیئرمین بھی ہیں ، نے اَتھارٹی کے ذریعے مختلف سینٹرل ، سٹیٹ اور این ایل ایس اے سکیموں کے تحت عوام کے لئے پہلے ہی موجود خدمات کو تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اِس موقعہ پر ممبر سیکرٹری جے اینڈ کے لیگل سروسز اتھارٹی ایم کے شرما اور رجسٹری کے دیگر افسران موجود تھے۔