سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور امور نوجوان و کھیل کود کے مرکزی وزیر مملکت کرن رجیجو نے نہرو پارک میں ’کھیلو انڈیا ‘سنٹر آف ایکسی لینس ” واٹر سپورٹس اکیڈمی “ کا افتتاح کیا ۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ یہ انتہائی خوشی کا لمحہ ہے کیونکہ ریاست کا جدید ترین مرکز ایکسی لینس کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارتا ہے ۔ مقامی کھلاڑیوں کی بے پناہ صلاحیتوں کی وجہ سے مرکزی حکومت نے کھیلو انڈیا سنٹر آف ایکسی لینس سکیم کے تحت اس واٹر سپورٹس سنٹر کو ترقی دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اس نئی سہولت سے پانی کے کھیلوں کے موجودہ بنیادی ڈھانچے کو ترقی دینے میں کافی مدد ملی ہے ۔ کھیلو انڈیا کا مقصد کھیلوں کے مراکز کے بنیادی ڈھانچے کو جدید آلات ، اعلیٰ درجے کے کوچوں کی مدد سے ایک جدید ترین کھیلوں کی سہولیات دستیاب کرنا ہے تا کہ اگلے دس برسوں میں ہندوستان اولمپک میں اعلیٰ درجے تک پہنچ سکے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں ڈویژن میں واٹر سپورٹس کو فروغ دینے کیلئے کٹھوعہ میں رنجیت ساگر ڈیم پر دوسرا واٹر سپورٹس سنٹر قائم کیا جا رہا ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر کے کھلاڑی ہندوستان کی ترقی اور امن کے سفیر ہیں ہمارے کھلاڑی امن اور ترقی کا پیغام دے رہے ہیں ، ہمارے واٹر سپورٹس ایتھلیٹس اس جذبے کے ساتھ امن ، ترقی اور معاشرتی ہم آہنگی کی طرف کام کریں گے ۔ خطے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے یو ٹی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہو ئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ گذشتہ سال کورونا وباءکے چیلنجوں کے باوجود یو ٹی میں تمام پروٹوکول کو ملحوظ نظر رکھ کر بہت سے ٹورنامنٹ منعقد ہوئے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہمارا مقصد اس سال اولمپک کھیلوں کے تمام 53 شعبوں میں جموں و کشمیر کے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو اعلیٰ معیاری تربیت فراہم کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے کم از کم 15 لاکھ نوجوانوں کو کھیلوں کی مختلف سرگرمیوں میں حصہ لینے کے مواقع ملیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ لگ بھگ 8500 کھلاڑی آئندہ پریمیر لیگ میں فُٹ بال ، کبڈی ، والی بال اور ہاکی میں شرکت کریں گے ۔ کھیلوں کے بجٹ کی فراہمی پر بولتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ حالیہ بجٹ میں یوتھ امپاورمنٹ اور سپورٹس کیلئے 513 کروڑ روپے مختص رکھے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم جموں و کشمیر میں کھیلوں کے میدان میں کئی سطحوں پر کام کر رہے ہیں ۔ ہمارا اولین مقصد نچلی سطح کی صلاحیتوں کی نشاندہی کرکے انہیں بہتر تربیت اور ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ قومی اور بین الاقوامی ٹورنامنٹ کیلئے شفاف انداز میں ذہین کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سکولی سطح پر نصاب کے ساتھ ساتھ کھیلوں کو کیرئیر کے طور پر اپنانے کی ضرورت کے پیش نظر یو ٹی کی4290 پنچائتوں میں 20000 روپے کی سپورٹس کٹس بچوں کو دی جائیں گی ۔