ایجنسیز
نئی دہلی//مرکز نے 2025میں سیلاب، طوفان، بادل پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اور تیز ہوائوں سے متاثر پانچ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کو 1,912.99 کروڑ روپے کی اضافی مالی امداد کی منظوری دی ہے، یہ بات جمعہ کو ایک سرکاری بیان میں کہی گئی۔ اس میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی زیر صدارت اعلی سطحی کمیٹی نے کیا۔بیان کے مطابق پانچ ریاستیں آندھرا پردیش، چھتیس گڑھ، گجرات، ہماچل پردیش اور ناگالینڈ ہیں۔”کل رقم میں سے جموں و کشمیر کیلئے 330.34کروڑ روپے،آندھرا پردیش کے لیے 341.48 کروڑ روپے، چھتیس گڑھ کیلئے 15.70کروڑ روپے، گجرات کیلئے 778.67 کروڑ روپے، ہماچل پردیش کیلئے 288.39 کروڑ روپے اور ناگالینڈ کے لیے 158.41 کروڑ روپے اور منظور کیے گئے ہیں۔ “یہ امداد اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فنڈ (SDRF) کے تحت ریاستوں کو پہلے ہی جاری کیے گئے فنڈز سے اضافی ہے۔
مالی سال 2025-26 کے دوران، مرکز نے ایس ڈی آر ایف کے تحت 28 ریاستوں کو 20,735 کروڑ روپے اور نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کے تحت 21 ریاستوں کو 3,628.18 کروڑ روپے جاری کیے ہیں۔اس کے علاوہ، سٹیٹ ڈیزاسٹر مٹیگیشن فنڈ (SDMF) سے 23 ریاستوں کو 5,373.20 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں، جبکہ 1,189.56 کروڑ روپے نیشنل ڈیزاسٹر مٹیگیشن فنڈ (NDMF) کے تحت 21 ریاستوں کو فراہم کیے گئے ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت ہند قدرتی آفات اور آفات کے دوران ریاستی حکومتوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے اور تمام ضروری مدد فراہم کر رہی ہے۔