عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر/ / جموں و کشمیر میں آٹو موبائل ریٹیل سیکٹر نے مئی 2026 کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی گاڑیوں کی فروخت میں سال بہ سال 36.72فیصد اضافہ درج کیا ہے۔ یہ اضافہ صارفین کے بڑھتے اعتماد، معاشی سرگرمیوں میں بہتری اور مختلف شعبوں میں طلب میں اضافے کی عکاسی کرتا ہے۔تازہ ترین گاڑی رجسٹریشن اعداد و شمار کے مطابق مئی 2026 میں جموں و کشمیر میں مجموعی طور پر 19 ہزار 799 گاڑیاں فروخت ہوئیں جبکہ گزشتہ سال اسی ماہ یہ تعداد 14 ہزار 481 تھی۔ اس طرح فروخت میں 5 ہزار 318 گاڑیوں کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔مسافر گاڑیوں کا شعبہ سب سے نمایاں رہا، جہاں فروخت میں 60.65 فیصد کا غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ مئی 2025 میں فروخت ہونے والی 3 ہزار 919 گاڑیوں کے مقابلے میں مئی 2026 میں 6 ہزار 296 مسافر گاڑیاں فروخت ہوئیں۔دو پہیہ گاڑیوں کی فروخت میں بھی 24.53 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اس شعبے میں رجسٹریشن کی تعداد 8 ہزار 539 سے بڑھ کر 10 ہزار 634 تک پہنچ گئی۔کمرشل گاڑیوں کی فروخت میں 34.92 فیصد اضافہ ہوا اور یہ تعداد 736 سے بڑھ کر 1 ہزار 401 ہو گئی۔ اسی طرح تین پہیہ گاڑیوں کی فروخت میں 47.16 فیصد اضافہ درج کیا گیا اور رجسٹریشن کی تعداد 952 سے بڑھ کر 1 ہزار 401 ہو گئی۔تعمیراتی آلات کے زمرے میں سب سے زیادہ 70.97 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جہاں فروخت 31 یونٹس سے بڑھ کر 53 یونٹس تک پہنچ گئی۔ ٹریکٹروں کی فروخت میں بھی 38.82 فیصد اضافہ ہوا اور یہ تعداد 304 سے بڑھ کر 422 ہو گئی۔فیڈریشن آف آٹوموبائل ڈیلرز ایسوسی ایشن جموں و کشمیر کے چیئرمین سنجے اگروال نے اس کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مئی 2026 کے دوران تمام بڑے گاڑی زمرہ جات میں مثبت نمو ریکارڈ کی گئی ہے، جو خطے میں بہتر معاشی حالات اور مثبت کاروباری ماحول کی عکاسی کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسافر گاڑیوں کی فروخت میں نمایاں اضافہ صارفین کی بدلتی ترجیحات، بہتر مالی سہولیات، نئی گاڑیوں کے ماڈلز کی دستیابی اور ڈیلرشپ نیٹ ورک کی مضبوطی کا نتیجہ ہے۔سنجے اگروال کے مطابق کمرشل گاڑیوں، ٹریکٹروں اور تعمیراتی آلات کی فروخت میں اضافہ اس بات کا اشارہ ہے کہ خطے میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر، لاجسٹکس اور زرعی سرگرمیوں میں تیزی آرہی ہے، جو مجموعی اقتصادی ترقی کے لیے خوش آئند ہے۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ مالی سال 2026-27 کی دوسری سہ ماہی کے دوران بھی گاڑیوں کی مانگ مضبوط رہے گی۔