یواین آئی
ممبئی//خام تیل کی قیمتوں کے تین ماہ سے زائد عرصے کی کم ترین سطح پر آنے کے باعث انٹربینک کرنسی مارکیٹ میں بدھ کے روز روپیہ 10 پیسے مضبوط ہوا اور کاروبار کے اختتام پر ایک ڈالر کی قیمت 94.50 روپے رہی۔گزشتہ کاروباری دن ہندستانی کرنسی دو پیسے کمزور ہو کر 94.60 روپے فی ڈالر پر بند ہوئی تھی۔ آج کاروبار کے آغاز سے ہی روپے میں مضبوطی دیکھی گئی۔ یہ 14 پیسے بڑھ کر 94.46 روپے فی ڈالر پر کھلا اور کچھ ہی دیر میں 94.29 روپے فی ڈالر تک مضبوط ہوگیا۔ تاہم بعد میں کم قیمت پر ڈالر کی طلب آنے سے روپیہ کاروبار کے اختتام سے قبل کمزور ہو کر 94.60 روپے فی ڈالر تک چلا گیا۔
آخر میں یہ 94.50 روپے فی ڈالر پر بند ہوا۔بین الاقوامی مارکیٹ میں، لندن برینٹ کروڈ فیوچر فی الحال 80 ڈالر فی بیرل پر ہے۔ منگل کو یہ 79 ڈالر فی بیرل سے بھی نیچے آ گیا تھا۔امریکہ اور ایران کے درمیان معاہدے کے اعلان کے بعد سے خام تیل دبا میں ہے۔ اس کا فائدہ روپے کو حاصل ہو رہا ہے۔دنیا کی بڑی کرنسیوں کے باسکٹ میں ڈالر انڈیکس آج 0.10 فیصد مضبوط ہوا۔ اس کے باعث ہندستانی روپے کی بڑھت محدود رہی۔