عظمیٰ سپورٹس ڈیسک
سری نگر// جموں و کشمیر پریمیر لیگ کے دوسرے سیزن میں ویلی فریش نے ٹیم ایلیگینٹ سٹرائیکرز کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر فتح حاصل کی۔ایلیگینٹ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 142 رنز بنائے۔ الیگینٹ کی طرف سے ہریرہ صوفی نے قیمتی 43 رنز بنائے۔ ویلی کی جانب سے تازہ ترین باؤلرز میں مسعیب فاروق نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ میچ کی شاندار کارکردگی مسعیب کی طرف سے آئی جو مین آف دی میچ ثابت ہوئے۔جواب میں ویلی فریش نے ہدف 18.3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ عادل ایوب اور عامرٹکرو نے بالترتیب 35 اور 38 رنز بنائے۔ ایلیگینٹ کی جانب سے زاہد نبی نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ دن کے دوسرے میچ میں غنی شاہ کرکٹ کلب نے ایس ڈبلیو زکورہ پر 8 اوورز باقی رہ کر 6 وکٹوں سے فتح حاصل کی۔ ایس ڈبلیو زکورہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نعیم بٹ کے 35 رنز کی اننگز کی مدد سے 146 رنز کا ہدف دیا۔ غنی شاہ سی سی نے صرف 36 گیندوں پر سرول کنور کے شاندار 82 رنز کی مدد سے ہدف کا تعاقب آسانی سے کر لیا۔ غنی شاہ کے لیے بہترین پلیئر سرول اور سجو تھے۔ سجو نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 20 دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ بعد ازاں سجو کو بہترین بولر اور سرول کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔کل مارننگ سپیکٹرم کنگز اور بی ٹی سی اور گاندربل گلیڈی ایٹرز اور برچ بلاسٹرز برزہامہ کے درمیان میچ کھیلے جائیں گے۔