پرویز احمد
سرینگر // فوڈ اینڈ ڈرگ کنٹرول آرگنازیشن نے جموں و کشمیر میں تمباکو اور نکوٹین والی مصنوعات بنانے، جمع کرنے، ٹرانسپورٹ اور فروخت کرنے پر ایک سال کیلئے مکمل طور پر پابندی عائد کردی ہے۔بازاروں میں ہر جگہ دستیاب گٹکا ، پان ، کھینی،لفافہ بند پان اور چبانے والے تمباکو کو سکولی بچوں، نوجوانوں ،مزدوروں اور عام لوگوں کیلئے مضر صحت قرار دیتے ہوئے کمشنر فوڈ سیفٹی نے ان تمام اشیاء کو بنانے، جمع اور ٹرانسپورٹ کرنے کے علاوہ خرید و فروخت پر جون2026سے ایک سال کیلئے مکمل پابند عائد کردی ہے۔ فوڈ سیفٹی اور ڈرگ کنٹرول آرگنازیشن کی جانب سے منگل کو جاری کئے گئے حکم نامہ زیر نمبر 157ایف ڈی اے 2026بتاریخ 16جون 2026میں اس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ان میں، تمباکو اور نکوٹین بطور ایک جز استعمال کیا گیا ہو ،جیسے گٹکا ، کھینی، پان مسالہ، پان پیکیٹ اور چبانے والا تمباکو اور دیگر مختلف ناموں سے بازار میں جو مصنوعات دستیاب ہیں ،جو عام لوگوں خاصکر سکولی بچوں، کمسن نوجوانوں ، مزدوروں اور عام لوگوں کیلئے مضر صحت ہے ۔
حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ اس لئے تمباکو اور نکوٹین سے بننے والی اشیاء کو بنانے، جمع اور ٹرانسپورٹ کرنے کے علاوہ خریدو فروخت پر مکمل طور پرروک لگنی چاہئے۔ سپریم کورٹ کے مختلف فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ سینٹر فوڈ کنٹرول آرگنازیشن نے تمام کمشنر فوڈ اینڈ ڈرگ سیفٹی کے نام مکتوب میں سال 2016میں سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کی گئی ہدایت پر عمل آوری کرتے ہوئے تمباکو اور نکوٹین سے بننے والی اشیاء کے بنانے، جمع اور ٹرانسپورٹ کرنے کے علاوہ ان کے خریدو فروخت پر مکمل پابندی عائد کرنے کے کئی حکم نامہ جاری کئے ہیں ۔ ان احکامات سے مطمئن ہونے کے بعد مرکزی زیر انتظام جموں و کشمیر کے کمشنر فوڈ سیفٹی اینڈ ڈرگ کنٹرول آرگنازیشن نے تمباکو اور نکوٹین سے بنی اشیاء کو بنانے، جمع اور ٹرانسپورٹ کرنے کے علاوہ خرید و فروخت پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔ حکم نامہ مزید کہا گیا ہے کہ تمباکو سے بنی اشیاء پرجون 2026سے ایک سال تک مکمل پابندی عائد کی جارہی ہے ۔