عظمیٰ نیوز سروس
جموں// جموں و کشمیر کے ریاستی الیکشن کمیشن نے پنچایت انتخابی فہرست کی سالانہ نظرثانی کا اعلان کیا ہے، جس میں یکم اپریل 2026 کو اہلیت کی تاریخ ہے۔جموں و کشمیر پنچایتی راج رولز 1996 کے رول 4 کے ذیلی قاعدہ 4 کے مطابق، انتخابی فہرست جموں و کشمیر پنچایتی راج ایکٹ 1989 کی دفعات اور الیکشن اتھارٹی کے ذریعہ تجویز کردہ طریقہ کار کے مطابق تیار کی جائے گی۔جموں و کشمیر ریاستی الیکشن کمیشن سے جاری کردہ ایک اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نظرثانی کا عمل آخری اپ ڈیٹ شدہ انتخابی فہرست پر مبنی ہوگا اور اس میں شامل ناموں کو تیاری کی بنیاد کے طور پر لیا جائے گا۔
الیکٹورل رجسٹریشن آفیسرز (EROs) 27 مارچ 2026 کو ہر حلقہ پنچایت میں آخری اپ ڈیٹ شدہ مربوط انتخابی فہرست کو فارم PER-1 میں ایک نوٹس کے ساتھ شائع کریں گے۔مسودہ پنچایت انتخابی فہرست27 مارچ 2026 سے نظرثانی کے لیے کھلا رہے گا، جس میں اہل ووٹروں سے اضافے، حذف، تصحیح اور تبدیلی سے متعلق دعوے اور اعتراضات طلب کیے جائیں گے۔ دعوے اور اعتراضات داخل کرنے کی مدت 27 مارچ 2026 سے 29 اپریل 2026 تک ہوگی۔اس عمل کو آسان بنانے کے لیے پولنگ بوتھ کے مقامات پر 4، 5، 11، 12، 18، 19، 25 اور 26 اپریل 2026 کو خصوصی کیمپ منعقد کیے جائیں گے، جہاں پنچایت الیکشن بوتھ آفیشلز اور اسمبلی بی ایل او مطلوبہ فارم اور ڈرافٹ ووٹر لسٹ کے ساتھ دستیاب رہیں گے۔اہل ووٹر مدد کے لیے ضلع پنچایت الیکشن آفیسر، الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر ، اسسٹنٹ الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر اور پنچایت الیکشن بوتھ آفیشل سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ ان کی تفصیلات متعلقہ ڈی پی ای او کے دفاتر اور سرکاری ویب سائٹ secjk.nic.in پر دستیاب ہیں۔دستاویز میں مزید کہا گیا ہے کہ ای آر او 8 مئی 2026 تک دعووں کو نمٹائے گا جبکہ حتمی فہرست کی اشاعت 15 مئی 2026 کو کی جائے گی۔