عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر بینک نے مردم شماری 2027کے آبادی کے اندراج مرحلے سے متعلق عوامی بیداری مہم کو فروغ دینے کے لیے محکمہ مردم شماری، جموں و کشمیر اور لداخ کے ساتھ ملک کی اپنی نوعیت کی پہلی اسٹریٹجک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے۔معاہدے پر جموں و کشمیر بینک کی جانب سے چیف جنرل منیجر آشوتوش سرین اور محکمہ مردم شماری کی جانب سے چیف پرنسپل سینسس آفیسر و ڈائریکٹر مردم شماری امیت شرما (آئی اے ایس) نے دستخط کیے۔ اس موقع پر دونوں اداروں کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔معاہدے کے تحت جموں و کشمیر بینک اپنی وسیع برانچ نیٹ ورک، ڈیجیٹل سائن ایجز اور عوامی رابطہ ذرائع کے ذریعے مردم شماری 2027 سے متعلق مستند معلومات عوام تک پہنچائے گا۔
اس کے علاوہ بینک کی شاخوں، کسٹمر سروس مراکز، مالیاتی خواندگی مراکز اور دیگر عوامی مقامات پر پوسٹر، پمفلٹ اور دیگر تشہیری مواد بھی آویزاں کیا جائے گا۔اس موقع پر چیف پرنسپل سینسس آفیسر امیت شرما نے کہا کہ جموں و کشمیر بینک دونوں مرکزی زیر انتظام علاقوں میں عوام کا قابل اعتماد ادارہ ہے، جس کی شہری، دیہی، سرحدی اور دور افتادہ علاقوں تک رسائی اس مہم کو مثر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس اشتراک سے غلط معلومات کی روک تھام، عوامی اعتماد میں اضافہ اور مردم شماری میں زیادہ سے زیادہ شرکت کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔چیف جنرل منیجر آشوتوش سرین نے کہا کہ مردم شماری قومی منصوبہ بندی، وسائل کی منصفانہ تقسیم اور مثر پالیسی سازی کی بنیاد فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر بینک کو اس قومی فریضے میں اپنے وسیع عوامی رابطہ نظام کے ذریعے تعاون کرنے پر فخر ہے۔یہ معاہدہ غیر تجارتی نوعیت کا ہے اور اس میں کسی بھی فریق پر مالی ذمہ داری عائد نہیں ہوگی۔ معاہدہ **31 مارچ 2027** تک نافذ العمل رہے گا اور جموں و کشمیر و لداخ میں مردم شماری 2027 کے لیے عوامی بیداری مہم کو منظم انداز میں چلانے کا فریم ورک فراہم کرے گا۔