جموں// جموں میں کووڈ ٹسٹنگ میں تیزی لائی گئی ہے۔انتظامیہ کی ہدایت پر جموں میں مختلف مقامات پر ریپڈٹیسٹنگ شروع کی گئی ہے۔جموں کے گاندھی نگر ہسپتال کو کوڈ ایمرجنسی ہسپتال نامزد کرکے یہاں کورونا متاثرہ مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔انتظامیہ نے دیگر اضلاع کی طرح جموں میں بھی کورونا ٹیسٹنگ میں تیزی لانے کے لیے عملہ اور متعلقہ ادارے متحرک کر دئے ہیں ۔ گاندھی نگر ہسپتال جموں کے لیب انچارج موہن سنگھ نے بتایا کہ جموں کے گاندھی نگر ہسپتال میں روزانہ 250سے زائد لوگوں کا ٹیسٹ کیا جاتا ہے جن میں قریب 10فیصد افراد کے ٹیسٹ مثبت ظاہر ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کووڈ ٹیسٹنگ کے لئے ان کے پاس ٹیسٹنگ کٹس کا وافر اسٹاک موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’جب تک کورونا وائرس سے عوام کو نجات نہیں ملتی تب تک لوگوں کے لئے یہاں پر ٹیسٹ کرنے کی سہولیات دستیاب رہے گی۔‘‘جموں کے جنرل بس اسٹینڈ، رگوناتھ بازار، سٹی چوک، ریلوے اسٹیشن، ایئر پورٹ و دیگر مقامات پر بھی کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔