جموں // جموں میںسنیچر کومزید 82افراد ڈینگو بیماری سے متاثر ہوئے اور اس طرح جموں صوبے میں مجموعی طور پر836افراد ڈینگو بیماری سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموں میں محکمہ صحت کے افسران کا کہنا ہے کہ جمعہ تک جموں صوبے میں 754افراد ڈینگی بخار میں مبتلا تھے اور ان میں زیادہ تر شہری علاقوں سے تعلق رکھتے تھے۔ جموں میں افسران کا کہنا ہے کہ بھیڑ بھاڑ والے جموں ضلع میں 503افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں زیادہ تر لوگوں کا تعلق سروال، نیو پلاٹ، بخشی نگر اور دیگر علاقوں سے ہیں۔ کٹھوعہ ضلع میں 120معاملات، سانبہ میں 60 کیس سامنے آئے ہیں جبکہ علاقے میں جراثیم کُش ادویات کا چھڑکائو بھی شروع کیا گیا ہے۔ جموں میں محکمہ صحت کے افسران کا کہنا ہے کہ لائوڈ سپیکروں، ریڈیو اور دیگر سماجی رابطوں کے ذریعے لوگوں کو احتیاطی تدابیر کے بارے میں جانکاری فراہم کی جانی چاہئے۔ افسران نے بتایا کہ جموں صوبے میں سال 2013کے بعد ڈینگی سے متاثر ہونے والے افراد کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ جموں میں شعبہ ملیریا نے ضلع انتظامہ جموں، سانبہ اور کٹھوعہ کے میونسپل حکام کے ساتھ مل کر احتیاطی تدابیر اٹھائے ہیں۔