جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے کہا کہ جموں میں سیاحت کے شعبے میں بہت زیادہ گنجائش اور صلاحیت موجود ہے اور متعلقہ حکام کو مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے سنجیدہ اور مربوط کوششوں کی ہدایت دی ہے۔مشیرموصوف نے اِن باتوں کا اِظہار پتنی ٹاپ کو سیاحوں کے قدرتی مقام میں ترقی دینے کے لئے جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ دوران میٹنگ اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ مشہور سیاحتی پہاڑی سٹیشن پتنی ٹاپ کی مجموعی ترقی کے لئے طریقۂ کار وضع کریں۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مشیر نے کہا کہ یہ علاقہ حکومت کی مرکزی توجہ کا مرکز ہے اور سیاحت کے فروغ کے لئے پورے سرکٹ کی ترقی پر غور کیا جارہا ہے۔مشیرموصوف نے کہا کہ سیاحت معاشی ترقی کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور یہ لوگوں کے معاشی معیار کو بڑھانے میں اہم کردار اَدا کرتی ہے۔مشیر بصیر خان نے مزید کہا کہ پتنی ٹاپ جموں و کشمیر کے مشہور پہاڑی ریزورٹوں میں سے ایک ہے اور اس جگہ پر زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کرنے کی ضرورت ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت سیاحوں کی توجہ کے طور پر پتنی ٹاپ اور دیگر علاقوں کی ترقی پر توجہ دینے کی متمنی ہے۔اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ اس جگہ کو ایک خوبصورت مقام میں ترقی دینے کے لئے ضروری شرائط کی نشاندہی کریں اور اس سلسلے میں ایک تفصیلی پروجیکٹ رِپورٹ تیار کریں۔اُنہوں نے ان سے علاقے میں ٹریکنگ ، پیراگلائیڈنگ ، ریور رافٹنگ اور دیگر کھیلوں جیسے مہم جو سیاحت کے اِمکانات کی بھی تلاش کرنے کے لئے بھی کہا۔ اُنہوں نے شراکت داروں سے کہا کہ وہ مشہور سیاحتی مقام کو صاف ستھرا اور پالتھین سے پاک رکھنے میں انتظامیہ کی مدد کریں۔ اس مقصد کے لئے اُنہوں نے دوسرے شراکت داروں اور رضا کاروں کی شمولیت کے ساتھ مشترکہ صفائی ستھرائی اور بیداری مہم چلانے کی ہدایت دی۔بجلی کے بارے میں میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ زیر زمین بجلی کی وائرنگ تقریباًمکمل ہوچکی ہے اور چھوٹے چھوٹے کاموں کے لئے ڈی پی آر تیار کیا جارہا ہے۔مشیرموصوف نے یہاں کے مختلف مسائل کو بروقت حل کرنے کے لئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیںجن میں پینے کے پانی کی مناسب فراہمی ، کوڑا کرکٹ کا مناسب ذخیرہ ، پتنی ٹاپ سرکلر روڈ کی مرمت اور بلیک ٹاپنگ ، روڈ نیٹ ورک کی اَپ گریڈیشن ، عوامی سہولیات کا کام ، ٹریفک جامنگ ، علاقے میں سیاحت کی مکمل صلاحیتوں کو استعمال کرنے کے لئے مناسب بنیادی ڈھانچہ جیسے دیگر مسائل کے بارے میںکوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کامناسب نظام، فائر ٹینڈر اور اے ٹی ایم کی سہولیات ، طبی سہولیات ، سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کا کام ، پارکوں کی ترقی ، سائین بورڈوں کی تنصیب وغیرہ شامل ہیں۔یہ بات قابل ذِکر ہے کہ مشیر موصوف نے حال ہی میںپتنی ٹاپ کا دورہ کیا تھا اور مختلف شراکت داروں کی جانب سے مختلف امور کی نشاندہی کر نے کے بارے میں تفصیلی فیڈ بیک لیا تھا۔ میٹنگ میں سیکرٹری سیاحت ، ناظم سیاحت جموں ، سی ای او پتنی ٹاپ ڈیولپمنٹ اَتھارٹی ، چیف انجینئر پی ڈی ڈی جموں ، چیف انجینئر پی ڈبلیو ( آر اینڈ بی ) جموں ، چیف انجینئر جل شکتی جموں ، جنرل منیجر جموں جے کے ٹی ڈی سی نے شرکت کی۔ناظم سیاحت جموں ن ے مشیر موصوف کو سیاحتی مقام کی مجموعی ترقی کے لئے اُٹھائے مختلف ترقیاتی اقدامات کے بارے میں جانکاری دی۔ اُنہوں نے کہا کہ محکمہ کی طرف سے ویشنودیوی شرائین پر آنے والے سیاحوں کو فروغ دینے کے لئے متعدد اقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔