جموں//سیاحت اور پھول بانی محکمہ کے کمشنر رگزن سیمفل نے وویکا نند چوک جموں سے ’’ جموں مہا اتسو 2019 ‘‘ کیلئے کلچرل کارنیوال کو ہری جھنڈی دکھائی ۔ جموں مہا اتسو جو دو دن کے بعد شروع ہونے والا ہے کے سلسلے میں اس ایونٹ کو منعقد کرنے کا مقصد جموں کے اطراف و اکناف میں رہنے والے لوگوں کو مہا اتسو میں شرکت کرنے کے بارے میں بڑے پیمانے پر جانکاری دینی تھی تا کہ خطے میں محکمہ ٹورازم کی طرف سے سیاحت کو فروغ دینے کی کوششیں بروئے کار لائی جا سکیں ۔ ایونٹ میں مقامی فنکاروں کی کئی ٹیموں اور گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول مبارک منڈی ، یوتھ ہوسٹل ایسوسی ایشن آف انڈیا اور گاندھی گلوبل فیملی نے حصہ لیا ۔ یہ کارنیوال رگھوناتھ بازار ۔ سٹی چوک ۔ سُپر بازار ۔ پرانی منڈی ۔ راج تلک روڈ ۔ موتی بازار ۔ پکہ ڈنگا ۔ چوک چبوترہ سے گذرتے ہوئے مبارک منڈی ہیری ٹیج کمپلیکس میں اختتام پذیر ہوا ۔ طلبا نے اس موقعہ پر کئی تمدنی پروگرام پیش کئے ۔ پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے محکمہ پولیس نے خصوصی انتظامات کئے تھے ۔ ڈائریکٹر ٹورازم جموں اوم پرکاش بھگت ، جوائینٹ ڈائریکٹر ٹورازم جموں شوکت محمود ، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹورازم جموں ( پبلسٹی ) ایس کے عطری ، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹورازم صبح مہتہ اور سبھاش چندر ، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹورازم پلاننگ ڈاکٹر اومیش شان ، اے ڈی ٹورازم کٹڑہ راہول مہاجن ، اکاؤنٹس افسر و دیگر افسران نے ایونٹ میں شرکت کی ۔