جموں//جموں صوبے کے مختلف اضلاع میں 15اگست کی تقریبات کے دوران متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں نے قومی پرچم لہرایا اور پریڈ پر سلامی لی۔اس موقعہ پر انہوں نے ان اضلاع میں سرکار کی طرف سے ہاتھ میں لئے گئے ترقیاتی پروجیکٹوں کے بارے میں تفصیلات کاذکر کیا۔اضلاع میں منعقد ان پریڈوں میں پولیس اورنیم فوجی دستوں کے علاوہ اسکولی بچوں نے بھی حصہ لیا
سانبہ
15اگست کے موقعہ پر جموں صوبے کے مختلف اضلاع میں تقریبات منعقد ہوئیں جن میں قومی پرچم لہرایا گیا ۔ سانبہ میں ڈپٹی کمشنر سشما چوہان نے قومی پرچم لہرا کر مارچ پاسٹ پر سلامی لی ۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں عوام کی بہبود کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا تفصیلی خلاصہ پیش کیا ۔
کٹھوعہ
کٹھوعہ میں ضلع سپورٹس سٹیڈیم میں ڈپٹی کمشنر روہت کھجوریہ نے قومی پرچم لہرا کر مارچ پاسٹ پر سلامی لی ۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں حاصل کئے گئے اہداف اور تعمیر و ترقی کو فروغ دینے کیلئے کئے گئے اقدامات کو اجاگر کیا ۔
ڈوڈہ
ڈوڈہ میں سپورٹس سٹیڈیم میں ڈپٹی کمشنر سمرن دیپ سنگھ نے قومی پرچم لہرا کر مختلف دستوں کے مارچ پاسٹ پر سلامی لی ۔ انہوں نے عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے اُن کی بہبود کیلئے سرکار کے عزائم سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے مختلف پروجیکٹوں کی پیش رفت بیان کی ۔
کشتواڑ
کشتواڑ میں پریڈ گراؤنڈ ڈپٹی کمشنر انگریز سنگھ رانا نے ترنگا لہرا کر مارچ پاسٹ پر سلامی لی ۔ انہوں نے ضلع میں تعمیر و ترقی کو فروغ دینے کیلئے زیر عمل اقدامات کا خلاصہ پیش کیا ۔
ریاسی
ریاسی میں سپورٹس سٹیڈیم میں ڈپٹی کمشنر اور مہمانِ خصوصی پرسنا راما سوامی نے قومی پرچم لہرا کر مارچ پاسٹ پر سلامی لی ۔ انہوں نے ضلع میں ترقیاتی کاموں کی پیچ رفت اور حصولیابیوں کا خلاصہ پیش کیا ۔
پونچھ
پونچھ میں ڈپٹی کمشنر راہول یادو نے قومی پرچم لہرا کر مارچ پاسٹ پر سلامی لی ۔انہوں نے ضلع میں امن و امان اور تعمیر ترقی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا تفصیلی خاکہ پیش کیا ۔ ضلع ترقیاتی کمشنر نے ضلع کے پہاڑی علاقوں میں پینے کے پانی اور بجلی کی فراہمی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ضلع انتظامیہ دن رات لوگوں کو اہم بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع کے13280 بالخصوص ایل او سی پر رہایش پذیر کنبوں کو بجلی فراہم کرنے کے لئے66 کروڑ روپے خرچ کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔اسی طرح540 موہٹروں کو جہاں پینے کے پانی کی قلت ہے، اُن میں سے307 کو مستقل بنیادوں اور باقی ماندہ موہڑوں کو ٹینکروں کے ذریعے پانی فراہم کیا جارہا ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے افسروں اور لوگوں پر زور دیا کہ وہ ضلع کی مجموعی ترقی میں اپنا رول ادا کریں۔انہوں نے یقین دلایا کہ تمام ترقیاتی و فلاحی سکیموں کی عمل آوری شفاف طریقے سے عمل میں لائی جائے گی۔اس موقعہ پر متعدد سکولی بچوں کی جانب سے ایک رنگا رنگ تمدنی پروگرام پیش کیا گیا۔
راجوری
15اگست کی اہم تقریب ضلع پولیس لائنز راجوری میں منعقد ہوئی جہاں ضلع ترقیاتی کمشنر محمد اعجاز اسد نے قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔اس موقعہ پر ایم ایل اے راجوری ایڈوکیٹ قمر حُسین چوہدری، ڈی آئی جی راجوری۔ پونچھ دیپک سلاتھیہ، ایس ایس پی یوگل منہاس، سابق ایم پی چودھری طالب حُسین، سابق ایم ایل اے مرزا عبدالرشید، سابق وائس چیئرمین ایڈوائزری بورڈ فار ڈیولپمنٹ آف پہاڑی سپیکنگ پیوپلز کلدیپ راج گپتا،فوج و سول انتظامیہ کے افسران کے علاوہ لوگوں کی ایک بھاری تعداد موجود تھی۔
اودہمپور
ضلع اودہمپور کے پی جی کالج بوائز میں 15اگست کی اہم تقریب منعقد ہوئی جہاں ضلع ترقیاتی کمشنر اودہمپور رویندر کمار نے ترنگا لہرایا اور مارچ پاسٹ کی پریڈ پر سلامی لی۔مارچ پاسٹ کی پریڈ میں جے کے پی، سی آر پی ایف، ہوم گارڈز والینٹریز، این سی سی اور مختلف سکولوں کے طُلاب کے دستوں نے حصہ لیا۔اس موقعہ پر ارکان قانون سازیہ پون کمار گپتا، ڈائریکٹر ایس کے پولیس اکاڈمی اودہمپور سلیمان سلاریہ، ایس ایس پی محمد احمد بٹ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر اروند شرما، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کرشن لال کے علاوہ پولیس اور نیم فوجی افسران بھی موجود تھے۔
رام بن
ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن شوکت اعجاز نے ضلع پولیس لائن رام بن میں 15اگست کے موقعہ پر قومی پرچم لہرایا اور مارچ پاسٹ پر سلامی لی۔اس موقعہ پر ایم ایل اے رام بن نیلم لنگے، ڈی آئی جی بی کے آر رفیق الحسن ، کمانڈر11 سیکٹر اور ایس ایس پی رام بن انیتا شرما، اے ڈی ڈی سی رویندر سادھو، اے ڈی سی گورویندر جیت سنگھ، اے سی آر وویک پوری کے علاوہ ضلع کے معزز شہری اور ضلع افسران موجود تھے۔اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ ضلع رام بن میں کیپکس بجٹ کے تحت مختلف ترقیاتی کاموں پر121.79 کروڑ روپے خرچ کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں اس سال7 نئی واٹر سپلائی سکیمیں شروع کی جائیں گی اور مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی۔