عظمیٰ نیوز سروس
جموں// پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ جموں ضلع کے پولیس اسٹیشن آر ایس پورہ نے دو بدنام زمانہ مجرموں کو گرفتار کیا ہے اور ان پر پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ انہیں معتبر ذرائع سے دو بدنام زمانہ مجرموں سندیپ کمار عرف شوتو ولد ترسیم لال ساکن چک اسلم اور سنی کمار ولد یوگ راج جو ضلع کے آر ایس پورہ کے وارڈ نمبر 4 کے رہائشی تھے کے بارے میں انٹیلی جنس ان پٹ موصول ہوئے تھے ۔پولیس نے کہا، “یہ دونوں مجرم 17 گھناؤنے مجرمانہ مقدمات میں اپنی گرفتاریوں سے بچ رہے تھے، جن میں قتل کی کوشش، چھرا مار، چھیننے، اسلحہ ایکٹ، اغوا وغیرہ شامل ہیں۔”اس پر پولیس نے آخر کار مشتبہ جگہ پر چھاپہ مارا اور مذکورہ افراد کو پکڑ لیا۔واضح رہے کہ مذکورہ ملزم کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔ آخر کار وارنٹ پر عملدرآمد ہوا اور دونوں ملزمان کو سنٹرل جیل کوٹ بھلوال جموں منتقل کر دیا گیا۔
ادھرراجوری میں جموں و کشمیر پولیس نے بدنام زمانہ مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور ان کی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف مناسب احتیاطی اقدامات کرنے کی کوششیں جاری رکھنے کا دعویٰ کرتے ہوئے پبلک سیفٹی ایکٹ (PSA) کے تحت ایک اور بدنام زمانہ مجرم کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے جو اس ہفتے میں اس طرح کی تیسری حراست ہے۔بدنام زمانہ مجرم امجد محمود ولد محمد ظفر سکنہ بد کنہ تحصیل تھنہ منڈی راجوری کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت بار بار مجرمانہ سرگرمیوں کے لیے مقدمہ درج کیا گیا ہے جو کہ انتہائی متعصبانہ اور امن عامہ کی بحالی کے لئے نقصان دہ ہیں۔ملزم نے اپنے خلاف متعدد ایف آئی آر درج کرنے اور پولیس کی طرف سے متعدد بار گرفتاریوں کے باوجود اپنے رویے میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔پولیس نے بتا یا کہ ملزم جموں و کشمیر کے مختلف حصوں میں چوری،بھتہ خوری ودیگر نوعیت کے مقدمات میں مطلوب تھا ۔مذکورہ ملزم کی سرگرمیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے حکام نے اس کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کرلیا ہے ۔ملزم کی نظر بندی کا حکم ضلع مجسٹریٹ راجوری نے جاری کیا جبکہ اس حکم پر ایس ایچ او تھنہ منڈی ہلال اظہر کی سربراہی میں ایس ڈی پی او تھنہ منڈی ڈاکٹر امتیاز احمد کی زیر نگرانی پولیس کی ایک ٹیم نے عمل درآمد کیا ۔