سرینگر// اپنی پارٹی کے نائب صدر عثمان مجید نے کہا ہے کہ سبھی دیہات میں ہر گھر تک پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے جل جیون مشن کے تحت ایکشن پلان کو مقامی منتخب نمائندگان کے صلاح ومشورے سے تیار کیاجانا چاہے۔ انہوں نے کہاکہ بانڈی پورہ میں جل شکتی محکمہ نے جوایکشن پلان تیار کیا ہے اُس سے دیہی آبادی کو پینے کا صاف پانی مہیا نہیں ہوگا کیونکہ متعلقہ ایجنسیوں نے مقامی لوگوں سے مشورہ یا اُنہیں اعتماد میں لئے بغیر اِس کو تیار کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ جل جیون مشن کا مقصد تبھی پورا ہوسکے گا جب مقامی منتخب عوامی نمائندگان کے ساتھ صلاح ومشورہ سے اِس کو تیار کیاجائے گا کیونکہ وہ اپنے متعلقہ علاقوں میں عوامی ضروریات کو بخوبی سمجھتے ہیں۔ اسلئے بانڈی پورہ میں جو ایکشن پلان تیار کیاگیاہے، اُس پر نظرثانی کی جائے اور از سر نومنتخب نمائندگان کے ساتھ صلاح ومشورہ کر کے ایکشن پلان تیار کیاجائے۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے اِس معاملہ میں مداخلت کی اپیل کی ہے۔